Aaj News

خریدنے سے پہلے آم میں زہریلی کیمیکلز کا پتا کیسے لگائیں؟

آم کا موسم، احتیاط کے ساتھ لطف اُٹھائیں!
شائع 01 جون 2025 09:50am

گرمیوں کے ساتھ ساتھ آیا ہے آموں کا بادشاہی موسم، ذہن میں سب سے پہلا خیال تازگی، چھٹیوں اور سب سے بڑھ ک، آم کا آتا ہے۔ آم صرف ایک پھل نہیں، بلکہ بچپن کی یادوں، دوپہروں کی مٹھاس، اور خاندان کے ساتھ بیٹھ کر لطف اُٹھانے کا نام ہے۔ اسے یونہی تو ’پھلوں کا بادشاہ‘ نہیں کہا جاتا۔ مگر اس خوبصورت موسم میں ایک پریشانی بھی اکثر دل میں کھٹکتی ہے، کہیں یہ آم قدرتی طور پر پکا ہے یا کسی نقصان دہ کیمیکل کاربائیڈ سے؟

آموں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ یہی سوچ ہمیں اکثر آم کھانے سے روک دیتی ہے، یا فکرمند کر دیتی ہے۔ لیکن اب اس گھبراہٹ کی ضرورت نہیں، کیونکہ ایک سادہ سا گھریلو ٹیسٹ آپ کو یہ جاننے میں مدد دے سکتا ہے کہ آپ کے آم محفوظ ہیں یا نہیں۔

لائف اسٹائل ایکسپرٹ لوک کوٹینو نے ایک آسان ٹیسٹ بتایا ہے جو آپ گھر بیٹھے کر سکتے ہیں تاکہ پتہ چل سکے کہ آم قدرتی طریقے سے پکا ہے یا کیمیکل سے۔

سب سے پہلے آم کا رنگ دیکھیں، اگر آم کا رنگ یکساں ہو، تو اچھا امکان ہے کہ وہ قدرتی ہے۔ لیکن اگر چھوٹے چھوٹے کالے دھبے ہوں، تو محتاط رہیں۔ اسکے ساتھ ہی آپ کی نرمی چیک کریں، قدرتی پکا آم تھوڑا سخت اور گودے دار ہوتا ہے۔ جب کہ کیمیکل سے پکا آم غیر معمولی طور پر نرم یا دبا دبا لگتا ہے۔

ایک ٹیسٹ پانی سے کریں، آم کو ایک پانی سے بھرے برتن میں ڈالیں۔ اگر آم ڈوب جائے، تو وہ عام طور پر ٹھیک ہے اور اگر آم تیرنے لگے، تو اس کا مطلب ہو سکتا ہے کہ وہ کاربائیڈ سے پکایا گیا ہے، یعنی کم گودا اور زیادہ ہوا۔

لوک کوٹینو کہتے ہیں، ’آم سے نہ گھبرائیں، خراب صحت، اور خراب طرزِ زندگی سے گھبرائیں۔‘ وہ یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ یہ ٹیسٹ مکمل طور پر درست نہیں، لیکن ایک ابتدائی اندازہ ضرور دیتا ہے۔

تاہم کچھ اور بھی ٹپس سے آپ بہتر اور کیمیکل سے محفوظ آُ خرید سکتے ہیں۔

اگر آم کا رنگ بہت زیادہ چمکدار یا غیر قدرتی لگے، مثلاً بہت زیادہ پیلا یا سرخ، تو اس میں کیمیکلز استعمال ہو سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ اگر آم کی جلد پر چمکدار یا موم جیسا اثر ہو، تو اس کا مطلب ہے کہ اس پر کیمیکلز یا ویکس لگایا گیا ہے۔

آم کو نامیاتی یا آرگینک اور تصدیق شدہ فارم سے خریدنا بہتر ہے۔ اگر آپ کو شک ہو، تو آم کو استعمال کرنے سے پہلے پانی میں نمک ڈال کر دھونا بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اسکے علاوہ پانی میں سفید سرکہ کی تھوڑی مقدار ڈال کر آم کو دھونا بھی کیمیکلز کو ختم کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔

mangoes

Chemical free mangoes