Aaj News

بھارتی فضائیہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہاتھوں رسوا

آپریشن بُنیان مرصوص میں ناکامی کے بعد رکن لوک سبھا رنبیر سنگھ پٹھانیا نے بھارتی فضائیہ کو نالائق قرار دیدیا
اپ ڈیٹ 31 مئ 2025 09:27pm

آپریشن بنیان مَّرْصُوْص کی شاندار کامیابی اور بھارتی طیاروں کی تباہی پر بھارتی سیاست دان اپنی ہی فضائیہ پر برہم ہو گئے۔ مشرقی اُدھم پور میں بی جے پی رکن لوک سبھا رنبیر سنگھ پٹھانیا نے بھارتی فضائیہ کو نالائق اور نااہل قراردے دیا۔ شیوسینا کے سنجے راوت نے امیت شاہ کی کلاس لے لی۔ استعفے کا بھی مطالبہ ۔ کہا مودی نے بی جے پی ورکرز کو سندور بانٹنے کے لیے بھیج کر عورتوں کی توہین کی۔ مشرقی اُدھم پور میں بی جے پی کے رکن لوک سبھا رنبیر سنگھ پٹھانیا نے بھارتی فضائیہ کو نالائق اور نااہل قرار دے دیا۔

رنبیر سنگھ پٹھانیا نے بھارتی فضائیہ کے بارے میں کہا کہ ’آپریشن سندور کے دوران سب جانتے ہیں کیا ہوا، نالائقی ہو گی ان کی، سو رہے ہونگے یہ لوگ۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ہے ہم نے تو ان کو اپنی پلکوں پر بٹھا کے رکھا۔‘

’آپریشن سندور‘ ابھی ختم نہیں ہوا، مودی نے ایک بار پھر پاکستان کو دھمکی دے دی

رنبیر سنگھ پٹھانیا کا اشارہ بھارتی فضائیہ کی نالائقی اور پاک فضائیہ کی کامیابی کی جانب تھا۔

چھ اور سات مئی کی درمیانی شب پاک فضائیہ نے بھارت کے 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 اور ایک معراج طیارہ مار گرایا۔ رافیل اور ایس یو -30 جیسے جدید طیاروں کی تباہی نے بھارتی فضائیہ کی برتری کے تمام دعوے بے نقاب کر دیئے۔

بھارت کی جانب سے تباہ شدہ طیاروں سے متعلق مکمل خاموشی بھارت کی شکست کے مترادف ہے۔ بھارتی طیاروں کی تباہی کے شواہد بین الاقوامی میڈیا بھی پیش کرچکا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی جوہری تباہی کا باعث بن سکتی تھی، ہم نے جنگ سے روکا: صدر ٹرمپ

دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی سیاستدان کا بھارتی فضائیہ کی ناکامی پر اظہار حقائق پر مبنی ہے۔

مودی کی قیادت میں بھارت دفاعی لحاظ سے کمزور اور سفارتی طور پر بالکل تنہا رہ گیا ہے۔

دفاعی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ مودی دور حکومت میں تمام دفاعی دعوے کھوکھلے ہو چکے ہیں۔ بھارتی بری، فضائیہ اور بحری فوج میں عملی صلاحیت کا شدید فقدان ہے۔

ادھر اتحادی جماعت شیوسینا کے مرکزی رہنما سنجے راوت نے بھی بی جے پی قیادت پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ “مودی نے بی جے پی ورکرز کو سندور بانٹنے کے لیے بھیج کر عورتوں کی توہین کی ہے۔

سنجے راوت کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیاں نہ صرف ملک کی سلامتی بلکہ سماجی اقدار کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہیں۔

Indian Airforce

BJP MLA

Pakistan India Clash 2025

Ranbir Singh Pathania