Aaj News

راولپنڈی پولیس کے مزید 2 اہلکار بھتہ خوری میں ملوث نکلے

منشیات کے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر شہری سے 25 ہزار روپے چھین لیے، مقدمہ درج
شائع 30 مئ 2025 07:17pm

راولپنڈی پولیس کے دو اہلکار بھتہ خوری اور شہری پر تشدد میں ملوث نکلے۔ دونوں اہلکاروں نے ایک ڈاکٹر کو چاندنی چوک میں تشدد کا نشانہ بنایا اور منشیات کے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر 25 ہزار روپے چھین لیے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ بنی میں متاثرہ شہری شفیق احمد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق سب انسپکٹر سبطین اور کانسٹیبل جہانزیب موٹرسائیکل پر آئے اور چاندنی چوک میں ڈاکٹر شفیق احمد پر تشدد کیا، اس کی جیب میں چرس ڈالنے کی کوشش کی، مزاحمت پر شرٹ پھاڑ دی اور موٹرسائیکل پر بٹھا کر تھانے لے گئے۔

بعد ازاں متاثرہ شہری کو سیٹلائٹ ٹاؤن بی بلاک کی سنسان گلی میں لے جا کر منشیات کیس میں پھنسانے کی دھمکی دی گئی اور زبردستی 25 ہزار روپے وصول کیے گئے۔

راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق سی پی او راولپنڈی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

rawalpindi

police officers

found involved in extortion