Aaj News

ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

جیولن تھرو کا فائنل کل جنوبی کوریا میں کھیلا جائے گا، جہاں ارشد ندیم اور یاسر سلطان پاکستان کی نمائندگی کریں گے
اپ ڈیٹ 30 مئ 2025 12:05pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پاکستان کے قومی ہیرو اور جیولن تھرو کے عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے شاندار انداز میں کوالیفائی کرلیا ہے۔

جیولن تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے گروپ اے میں پہلی ہی باری میں 86.34 میٹر کی شاندار تھرو کی، جو نہ صرف دن کی بہترین کارکردگی رہی بلکہ انہیں براہِ راست فائنل تک لے گئی۔ ارشد ندیم اپنی فٹنس اور فارم کے ساتھ ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے پُرعزم نظر آ رہے ہیں۔

ارشد ندیم نے قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں لمبی تھرو کرکے ٹاپ پر رہا ہوں، فائنل کل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 10 منٹ پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے تاکہ ایک بار پھر پاکستان کا پرچم بلند کر سکوں۔

ارشد ندیم کے بعد پاکستان کے ایک اور کھلاڑی یاسر سلطان نے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنالی۔ یاسر نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہلی باری میں 76.07 میٹر کی تھرو کی، جو انہیں فائنل تک لے گئی۔

دوسری جانب بھارت کے یش نے 76.67 میٹر کی تھرو کی، مگر ارشد ندیم کی کارکردگی ان سے نمایاں طور پر بہتر رہی۔

ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کو سال 2024 کا ایشیا کا بہترین ایتھلیٹ قرار دے دیا

جیولن تھرو کا فائنل کل جنوبی کوریا میں کھیلا جائے گا، جہاں ارشد ندیم اور یاسر سلطان پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ارشد ندیم کی فائنل میں شمولیت کے بعد شائقین کو ایک اور سنہری لمحے کی امید ہے۔

arshad nadeem

javelin throw

qualifying round

Athlete