Aaj News

آئی ایس پی آر کے زیراہتمام ”ہلال ٹاکس 2025“ پروگرام کا آغاز

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختلف موضوعات پر اساتذہ کے سوالات کے مدلل جوابات دیے
شائع 29 مئ 2025 10:21am

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیراہتمام ایک علمی اور فکری نشست ”Hilal Talks 2025“ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 1950 اساتذہ کرام شریک ہو رہے ہیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کے حربوں اور مذموم مقاصد سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

پروگرام میں شریک اساتذہ کا کہنا تھا کہ ’خصوصی سیشنز کے ذریعے پاک فوج کی ساخت، کردار، اور کام کرنے کے طریقہ کار کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔‘ اس موقع پر نامور تعلیمی شخصیات اور صحافیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پروگرام کے دوران یہ نکتہ بھی اجاگر کیا گیا کہ ’بھارت، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے ہتھکنڈوں کو استعمال کر کے پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا ہے۔‘

اس علمی نشست میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختلف موضوعات پر اساتذہ کے سوالات کے مدلل جوابات دیے، جنہیں شرکاء نے انتہائی مفید قرار دیا۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ ’ان سیشنز نے ہماری فکری و تدریسی افق کو وسعت دی ہے۔‘

اسسٹنٹ پروفیسر نسٹ ڈاکٹر سندس مستقیم کا کہنا تھا، ’یہاں پر مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین کو بلایا گیا ہے جن سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔‘

ڈائریکٹر بی زی یو ڈاکٹر عبدالقدوس صوہیب نے کہا، ’ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشتگردی اور خصوصاً بلوچستان کے متعلق بہت تفصیلی اور متاثر کن گفتگو کی، ان کے موقف سے مکمل متفق ہوں۔‘

کنیرڈ کالج فار وومن ڈاکٹر سرینہ احسان نے کہا، ’سیشن میں ففتھ جنریشن وار فیئر اور سوشل میڈیا کے موضوع پر انتہائی اہم معلومات فراہم کی گئیں۔‘

ایم نبی اللہ، ڈائریکٹر قراقرم یونیورسٹی نے رائے دی کہ ’فوج ہماری ہے اور آج فوج کیساتھ انٹریکشن کا اچھا موقع ملا اور جتنی غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہوگئیں۔‘

فرح فیصل، لیکچرار یونیورسٹی آف گوادر نے کہا، ’سوشل میڈیا کو ہم تک غلط معلومات پہنچانے اور فیک نیوز پھیلانے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔‘

ڈاکٹر امتیاز عوان، اے جے کے یونیورسٹی کے مطابق ’ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہترین طریقے سے پاکستان کا بیانیہ ہم تک پہنچایا۔‘

گوہر مسعود، یونیورسٹی آف سیالکوٹ نے کہا، ’یہ اقدام بہت زبردست ہے اور اس کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔‘

ڈاکٹر عائشہ ذبیر، قائداعظم یونیورسٹی کا کہنا تھا، ’آئی ایس پی آر نے قومی سطح پر تمام اداروں کے اساتذہ کو آن بورڈ لیا ہے تاکہ ان کے ذہنوں کو بھی oم آہنگ کیا جا سکے۔‘

ڈاکٹر عمارہ طارق، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور نے کہا، ’پاک فوج کی فولادی اور آہنی طاقت ہم نے ہمیشہ محسوس کی ہے اور کرتے رہیں گے۔‘

آخر میں اساتذہ نے Hilal Talks جیسے علمی و فکری پروگرامز کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔

ISPR

Hilal talks 2025