Aaj News

بانی پی ٹی آئی کی رہائی تحریک: غیر حاضر اراکین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

غیر حاضر اراکین اور عہدیداران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے
شائع 29 مئ 2025 08:47am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

بانی تحریک انصاف کی رہائی تحریک میں اراکین اور عہدیداران کی عدم شرکت پر چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے غیر حاضر افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غیر حاضر اراکین اور عہدیداران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں غیر حاضر رہنماؤں سے وضاحت طلب کی جائے گی، جبکہ شوکاز نوٹس جاری کرنے کا معاملہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں بھی زیر بحث آیا۔ بعض اراکین اور عہدیداران نے اس فیصلے کی مخالفت کی اور کہا کہ موجودہ حالات میں اس طرح کی کارروائیاں پارٹی میں مزید انتشار پیدا کر سکتی ہیں۔

تاہم ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ اس فیصلے پر ڈٹی ہوئی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پارٹی نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو بھی عہدے ہیں، وہ بانی پی ٹی آئی کی مرہون منت ہیں، اگر مقدمات اور جیل کا خوف ہے تو عہدے چھوڑ دیے جائیں۔ جب بانی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں تو ہم ڈرنے والے کون ہوتے ہیں؟

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کا احتجاج: گولیاں چلیں گی تو ہم بھی اسلحہ لائیں گے، علی امین گنڈاپور

سیاسی کمیٹی کے بعض ارکان نے عالیہ حمزہ کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید اراکین کو بھی نوٹس جاری کیے جا سکتے ہیں اور پارٹی نظم و ضبط کے حوالے سے سختی کا امکان ہے۔

imran khan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Imran Khan Bushra Bibi