Aaj News

سوات کے جنگلات میں لگی آگ نے وائلڈ لائف اہلکار کی جان لے لی

جاں بحق اہلکار کی شناخت طالب مند کے نام سے ہوئی ہے
شائع 27 مئ 2025 09:19am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے اسریت کے جنگل میں لگنے والی آگ بجھاتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف کا ایک اہلکار اپنی جان کی بازی ہار گیا۔ جاں بحق اہلکار کی شناخت طالب مند کے نام سے ہوئی ہے جو دورانِ فرض شدید جھلسنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھیں، جبکہ طالب مند کی لاش ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔

واقعے پر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اور مقامی افراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق آگ بجھانے کے دوران دیگر اہلکاروں کو بھی مشکلات کا سامنا رہا، اور جنگلات میں آگ کے بڑھتے ہوئے واقعات نے حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہید اہلکار کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور جنگلات کے تحفظ کے لیے اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے۔

fire

Swat

wild life

fire in forest