Aaj News

بنگلہ دیش سے دلہنوں کی خریدوفروخت، چین نے اپنے شدید کنواروں کو خبردار کردیا

بین الاقوامی ڈیٹنگ کے گمراہ کن مواد کے دھوکے میں نہ آئیں، چینی سفارتخانہ
شائع 26 مئ 2025 10:58am

بنگلہ دیش میں موجود چینی سفارتخانے نے اتوار کے روز ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے چینی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی سرحد پار شادیوں سے گریز کریں اور آن لائن رشتوں اور میچ میکنگ اسکیموں سے ہوشیار رہیں۔

گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سفارتخانے نے چینی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ مختصر ویڈیو پلیٹ فارمز پر دکھائے جانے والے ”بین الاقوامی ڈیٹنگ“ کے گمراہ کن مواد کے دھوکے میں نہ آئیں، اور نہ ہی کسی غیر رسمی نیٹ ورک یا کمرشل میچ میکنگ ایجنسیز کے ذریعے غیر ملکی خواتین کی تلاش کریں، کیونکہ ایسا کرنا چینی قانون کے تحت سخت ممنوع ہے۔

چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ غیر ملکی دلہنوں کی خریدوفروخت کے ارادوں کو مسترد کریں اور بنگلہ دیش میں شادی کرنے سے قبل اچھی طرح سوچ بچار کریں۔

شادی میں بلایا گیا ڈانسر گروپ دولہے کو اغوا کر کے فرار ہوگیا

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی اخبار دی ڈیلی اسٹار کی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیشی خواتین کو مبینہ طور پر چین میں شادی کے بہانے فروخت کیا جا رہا ہے، اور ان کارروائیوں کے پیچھے کئی مجرمانہ گروہ سرگرم ہیں۔

چینی سفارتخانے کے مطابق ان میں سے زیادہ تر شادیاں غیر قانونی یا استحصالی ذرائع سے انجام پاتی ہیں جن کے نتیجے میں سنگین قانونی نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

شمالی بھارت کی ریاست ’ہماچل پردیش‘ میں شادی کی حیران کن رسم، آپ جان کر حیران رہ جائیں گے

چینی قانون کے مطابق کسی بھی شادی کی ایجنسی (Marriage Agencies) کو بین الاقوامی رشتوں کو فروغ دینے یا ان کی آڑ میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے، اور افراد کے لیے بھی اس قسم کی سرگرمیوں سے منافع کمانا یا فریب کے ذریعے شادیاں کروانا ممنوع ہے۔

سفارتخانے نے شادی کے فراڈ کا شکار ہونے والے افراد پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر چین کے عوامی سلامتی کے اداروں کو اطلاع دیں۔

سفارتخانے نے مزید خبردار کیا کہ بنگلہ دیش میں غیر قانونی بین الاقوامی شادیاں کرنے والے افراد کو انسانی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

Bangladesh

No 'foreign wife' shopping

china warns against

marriage scams