Aaj News

ننکانہ صاحب: آوارہ کتوں کو بھگانا جان لیوا بن گیا، ایک نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

کتوں کے مالکوں نے نوجوانوں پر کلہاڑیوں سے حملہ کیا۔
شائع 22 مئ 2025 09:05am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

ننکانہ صاحب میں تھانہ مانگٹانوالہ کے علاقے میں آوارہ کتوں کو بھگانا ایک افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گیا، جہاں مبینہ طور پر کتوں کے مالکوں کے حملے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب تین نوجوان عمر فاروق، محمد عاطف اور محمد رضوان گدھا گاڑی پر اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ راستے میں آوارہ کتوں نے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر نوجوانوں نے انہیں بھگایا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ: آوارہ کتوں کا حملہ، 6 افراد زخمی

مبینہ طور پر اسی بات پر کتوں کے مالک طیش میں آ گئے اور نوجوانوں پر کلہاڑیوں سے حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں محمد عاطف موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ محمد رضوان کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد مقتول کے بھائی عمر فاروق کی مدعیت میں ملزمان آفتاب، عقیل، ذوالقرنین اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

punjab

Nankana Sahib

Dog attack