Aaj News

پی ایس ایل 10 کا آغاز؛ کھلاڑیوں کا پاک فوج کو زبردست خراج تحسین، آرمی چیف کی شرکت

کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل ٹین کو افواج پاکستان کے نام کردیا
اپ ڈیٹ 17 مئ 2025 11:51pm
آرمی چیف پی ایس ایل کا میچ دیکھنے راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچ گئے (اسکرین گریب تصویر)
آرمی چیف پی ایس ایل کا میچ دیکھنے راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچ گئے (اسکرین گریب تصویر)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پی ایس ایل ٹین کو مسلح افواج کے نام کر دیا۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر اورڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری بھی موجود تھے۔ شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اسرارشاہ اور ساحرعلی بگا نے شائقین کا لہو گرما دیا ۔ قومی ترانہ اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 10 کا میلہ آج سے راولپنڈی میں دوبارہ سج گیا ہے۔ میچ سے قبل کھلاڑیوں اور آفیشلز نے مسلح افواج سے بھرپوریکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

میچ کے آغاز سے قبل شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا اور شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

میچ سے قبل قومی ترانہ پڑھا گیا اور اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، اسٹیڈیم میں قومی پرچموں کی بہار آگئی، اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

پہلی اننگز کے خاتمے کے بعد دوبارہ تقریب کا آغاز ہوا تو آرمی چیف بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے پہنچے۔ ان کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے۔

تقریب کے میزبان حمزہ عباسی نے اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے تین دن آرمی، نیوی اور ائیر فورس کے نام کردیےگئے ہیں۔ پہلا دن آرمی، دوسرا دن نیوی اور تیسرا دن ائیر فورس کے نام کردیا گیا۔

قومی ترانے پر پاکستان زندہ باد کے نعرے اسٹیڈیم میں گونجنے لگے اور ہر جانب قومی پرچموں کی بہار نظر آئی۔ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

پی ایس ایل 10، کراچی کنگزنے پلے آف میں جگہ بنا لی

راولپنڈی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے میچ میں کراچی کنگز نے پلے آف میں جگہ بنالی، کوئٹہ کے بعد کنگز پلے آف میں جگہ بنانے والی دوسری ٹیم ہے۔

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے دی۔ کنگز نے 4 وکٹوں پر237 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ ڈیوڈ وارنر نے 86 اور جیمز ونس نے 72رنز بنائے۔

پشاورزلمی کی ٹیم 5 وکٹوں پر 214 رنز بنا سکی، بابر اعظم کی 49 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

PSL

sports

PSL 2025