ملک بھر میں 15 سے 20 مئی تک شدید گرمی کا امکان، ہیٹ ویو الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 15 مئی سے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے جو 20 مئی تک جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہے گا جبکہ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ 19 اور 20 مئی کو کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جس سے جزوی طور پر موسم میں بہتری آسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہے گا اور بعض اوقات تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے.پنجاب کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم کوہستان اور مانسہرہ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے گرمی کی شدت میں عارضی کمی آ سکتی ہے۔
کراچی میں موسم گرم اور مرطوب، پارہ 36 ڈگری تک جانے کا امکان
ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم وہاں بھی عمومی طور پر موسم خشک اور نسبتاً گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بزرگ افراد، بچے اور بیمار افراد دھوپ سے بچیں اور پانی کا استعمال بڑھائیں۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔