پاکستان سے جنگ بندی کے اعلان پر بھارتی سیکرٹری خارجہ غدار قرار، بیٹی کا نمبر لیک کردیا گیا
پاکستان سے جنگ بندی کا اعلان کرنے پر انتہاپسندوں نے بھارتی سیکرٹری خارجہ کو غدار قرار دے دیا۔
پاکستان سے جنگ بندی کرنے کا اعلان کرنے پر جنگ کے حمایتی انتہا پسندوں نے بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری کو غدار قرار دے دیا۔
یہ شرمناک مہم اس وقت شروع ہوئی جب بھارت اور پاکستان کے درمیان فوری جنگ بندی (سیز فائر) کا اعلان کیا گیا جس پر کچھ انتہا پسند عناصر مسری اور ان کے خاندان کو ہدف تنقید بناتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی اعلان کے بعد وکرم مسری اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں موصول ہورہی ہیں جس کے بعد وکرم مسری نے اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی لاک کر دیا ہے۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے وکرم مسری کو ’’غدار ’‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بچے اور فیملی باہر رکھی ہوئی ہے ، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر ، بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجت دوول نے بھی اپنے بچے باہر کے ممالک میں سیٹل کیے ہوئے تو پھریہ لوگ کیسے کمپرومائز نہیں ہونگے، ان غدار وں نے بھارت کو بیچا ہے۔
دوسری جانب بھارتی سیاستدانوں، غیرملکی سفارت کاروں اور بھارتی ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن نے وکرم مِسری سے اظہار یکجہتی کیا اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے والے سول سرونٹس پر بلا جواز ذاتی حملے قابلِ افسوس قرار دیے۔

بھارتی ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن نے ایکس پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ ’آئی اے ایس ایسوسی ایشن شری وکرم مسری، سیکرٹری خارجہ، اور ان کے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے والے سرکاری افسران پر بلاجواز ذاتی حملے انتہائی قابل افسوس ہیں۔ ہم پبلک سروس کے وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘
وکرم مسری کی بیٹی کا نمبر لیک
وکرم مسری نے اس سنگین صورتحال کے بعد اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ لاک کر دیا ہے، جب کہ ان کی بیٹی کو بھی آن لائن ہراسانی کا سامنا ہے۔

بھارتی صحافی محمد زبیر نے اس حوالے سے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ’پہلے بحریہ کے افسر وِنَے نرول کی اہلیہ ہمانشی نرول کے پیچھے پڑے، اور اب وہی ٹرولز بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مسری اور ان کی بیٹی کو نشانہ بنا رہے ہیں، انہیں گالیاں دے رہے ہیں اور ان کی بیٹی کا موبائل نمبر شیئر کر رہے ہیں۔‘
Aaj English

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔