Aaj News

پاک بھارت جنگ بندی: سعودی عرب، ایران، برطانیہ، جرمنی کا خیرمقدم

خطے میں سلامتی اور استحکام کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی، سعودی وزیر خارجہ
شائع 11 مئ 2025 03:39am

پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان پر سعودی عرب، اقوامِ متحدہ، ایران، برطانیہ اور جرمنی نے خیر مقدم کیا ہے۔

پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امید ہے پاک بھارت جنگ بندی پائیدار امن میں کردار ادا کرے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا۔

سعودی نائب وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے نائب وزیرِ اعظم وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فِلیمن یانگ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں یانگ نے کہا مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کو چاہیے کہ وہ اختلافات کے حل کے لیے سفارتی رابطے اور بات چیت جاری رکھیں۔

یانگ کا کہنا تھا کہ میں دونوں ممالک پر زور دیتا ہوں کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق، سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل کا پرامن حل تلاش کریں، تاکہ دیرپا امن اور استحکام ممکن ہو سکے۔

دریں اثنا اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید سے بات کی۔ شیخ عبداللہ بن زاید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے مفاہمت کا خیرمقدم کیا۔

اسحاق ڈار نے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا ایران نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک اس موقع کو کشیدگی میں کمی اور خطے کے پائیدار امن کےلیے استعمال کریں۔

برطانیہ نے بھی پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے، اس حوالے سے برطانوی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ فریقین کشیدگی میں کمی برقرار رکھیں جو سب کے مفاد میں ہے۔

جرمنی کے دفترِ خارجہ نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا جنگ بندی پر رضامند ہونا کشیدگی سے نکلنے کی جانب پہلا اہم قدم ہے۔

جرمن دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشیدگی کے خاتمے کی کنجی بات چیت ہی ہے۔

اردن کی وزارت خارجہ نے بھی جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے خطے میں استحکام کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق وزارت کے ترجمان سفیان قضاہ نے بحرانوں کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں پر مبنی پُرامن کوششوں کی حمایت کے اردن کے مؤقف کو دہرایا۔

Pakistan India Clash 2025

Saudi Foriegn Minister

welcome cease fire