Aaj News

ملک بھر میں بھارتی جارحیت اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں

ریلی کے شرکا نے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔
شائع 09 مئ 2025 02:25pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے چاروں صوبوں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے، مختلف شہروں میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں، جن میں شہریوں نے فلک شگاف نعرے لگا کر دشمن کو دوٹوک پیغام دیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے شہروں میں عوام نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’پاکستان زندہ باد‘، ’پاک فوج زندہ باد‘ اور ’بزدل دشمن مردہ باد‘ جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کو دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں ہندو برادری نے بھی بھارت کے خلاف احتجاجی ریلی نکال کر قومی اتحاد و یکجہتی کی مثال قائم کی، شرکا نے پلے کارڈز اٹھا کر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی۔

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں منعقدہ ریلی ’اللہ اکبر‘ اور ’نعرۂ تکبیر‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ عوام نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

سندھ کے شہروں جیکب آباد، کشمور، ٹھل، گھوٹکی اور تھرپارکر میں بھی ریلیوں کا انعقاد ہوا، جن میں عوام نے قومی پرچم تھامے، پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

پنجاب میں شیخوپورہ، ملتان، ساہیوال، بہاولنگر، شرقپور شریف اور حویلی لکھا سمیت مختلف شہروں میں بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے ریلیوں میں شرکت کی۔ شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ریلیوں کے شرکا نے واضح پیغام دیا کہ اگر دشمن نے کسی بھی جارحیت کا ارتکاب کیا تو پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی اور ہر محاذ پر دفاعِ وطن کا حق ادا کرے گی۔

pakistan army

rally

Indian Aggression

Expression of solidarity