Aaj News

قیادت کا فیصلہ ہے بھارت نے ڈیم بنایا تو ہم اسے ہٹ کریں گے، ناصر شاہ

پاکستان جنگ نہیں چاہتا، جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور مقابلہ کریں گے، وزیر توانائی سندھ کی میڈیا سے گفتگو
شائع 06 مئ 2025 04:52pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر توانائی سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ قیادت کا فیصلہ ہے بھارت نے ڈیم بنایا تو ہم اسے ہٹ کریں گے۔ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں۔ پاکستان جنگ نہیں چاہتا۔ جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور مقابلہ کریں گے۔

کراچی میں وزیرتوانائی سندھ ناصرحسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی سے پیغام گیا جب ملک کی بات ہوگی تو ہم سب ایک ہیں، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، بھارت نے حملہ کیا تو مقابلہ کریں گے۔

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ دشمن صرف گیدڑ بھبکیاں دے رہا ہے، پاکستانی پرامن قوم ہے، جنگ نہیں چاہتی، جنگ مسلط کی گئی تو پاکستانی لڑنا جانتے ہیں۔

وزیر توانائی نے کہا کہ ملک کی حفاظت کیلئے قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، جب بھی پاکستان میں دہشت گردی ہوئی بھارت کی مذمت نہیں آئی، پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے ہی کینالز کا معاملہ اٹھایا۔

ناصرحسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کینالز کے معاملہ پر خط لکھا ہوا تھا، ہمیں امید تھی کینالز نہیں بنیں گی، کہہ چکے تھے اس طرح کی بات ہوتی ہے تو وفاق کا ساتھ نہیں دیں گے۔

Nasir Hussain Shah