Aaj News

ڈولفنز ایک دوسرے کے نام رکھتی ہیں اور اپنے دوستوں کو ’نام‘ سے پکارتی ہیں

ڈولفن کی ماں اپنے بچوں کے ساتھ 'بیبی ٹاک' بھی کرتی ہیں
شائع 06 مئ 2025 09:09am

ڈولفنز سمندری دنیا کی نہایت دلچسپ اور ذہین مخلوق ہیں، جو نہ صرف اپنے ماحول سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں بلکہ ان کی سوشل اور کمیونیکیشن صلاحیتیں بھی انسانوں جیسی ہیں۔ ایک ایسا حیرت انگیز پہلو جو اکثر لوگوں کی توجہ نہیں پاتا، وہ یہ ہے کہ ڈولفنز اپنے ساتھیوں کا ’نام‘ رکھتی ہیں، بالکل ویسے ہی جیسے ہم انسان اپنے دوستوں اور خاندان والوں کو مختلف ناموں سے پکارتے ہیں۔

یہ دلچسپ حقیقت 2000 کی دہائی کے اوائل میں ایک تحقیق کے دوران سامنے آئی۔ ماہرین نے دریافت کیا کہ جب ایک ڈولفن دوسرے ڈولفن سے بات کرتی ہے، تو وہ ایک مخصوص آواز یا ’کال‘ استعمال کرتی ہے جو ہر ڈولفن کی مخصوص ہوتی ہے۔ اس تحقیق میں معلوم ہوا کہ یہ آوازیں دراصل ڈولفنز کے ’نام‘ کی طرح کام کرتی ہیں، کیونکہ ان آوازوں کو سن کر دوسرے ڈولفنز اس فرد کو شناخت کر سکتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ڈولفن کی ماں اپنے بچوں کے ساتھ ’بیبی ٹاک‘ کرتی ہیں۔ اور بچوں کو ہدایات دیتی ہیں۔

ڈولفنز اپنے نام کو مختلف مواقع پر استعمال کرتے ہیں۔ مثلاً، جب کوئی ڈولفن خطرے میں ہو یا کسی خاص موقع پر مدد کی ضرورت ہو، تو وہ اپنی آواز کے ذریعے دوسرے ڈولفنز کو متوجہ کرتی ہے۔ اس طرح، یہ آوازیں صرف ان کی شناخت کا ذریعہ نہیں بلکہ کمیونیکیشن کا ایک اہم ذریعہ بھی ہیں۔

ڈولفنز کی یہ قابلیت ہمیں ان کی ذہانت کا ایک اور ثبوت دیتی ہے۔ ان کے پاس نہ صرف پیچیدہ سوشیل سٹرکچرز ہوتے ہیں، بلکہ وہ اپنی سماعت اور یادداشت کے ذریعے ایک دوسرے کے بارے میں تفصیلات یاد رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ڈولفنز نہ صرف اپنے گروپ میں تعلقات قائم رکھتی ہیں بلکہ گروپ کے باہر بھی دوسرے جانوروں کے ساتھ بہتر روابط استوار کرتی ہیں۔

Name

dolphins