Aaj News

بھارتیوں کی شیر افضل مروت کے طنزیہ بیان کو بزدلی کا رنگ دینے کی کوشش

بھارت کی شیر افضل مروت کے مزاحیہ جواب کو بزدلی اور پاکستانی قیادت کے ”اعتماد کی کمی“ سے جوڑنے کی کوشش
شائع 05 مئ 2025 11:25am

بھارت ایک بار پھر پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ پھیلانے میں مصروف ہے۔ اس بار نشانے پر ہیں پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق قانونی مشیر شیر افضل مروت، جنہوں نے ایک صحافی کے طنزیہ سوال پر ہنستے ہوئے جواب دیا: ’اگر جنگ چھڑ گئی تو میں انگلینڈ چلا جاؤں گا۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو کشیدگی کم کرنے کے لیے پیچھے ہٹ جانا چاہیے، تو مروت نے طنزیہ انداز میں جواب دیا، ’کیا مودی میری خالہ کا بیٹا ہے جو میرے کہنے پر پیچھے ہٹ جائے گا؟‘

یہ بات بھارتی میڈیا اور بی جے پی رہنماؤں کے کانوں تک پہنچنے کی دیر تھی کہ انہوں نے اس مذاق کو بنیاد بنا کر پاکستان اور اس کی افواج پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ شروع کر دی۔

بھارتی میڈیا نے شیر افضل مروت کے مزاحیہ جواب کو بزدلی اور پاکستانی قیادت کے ”اعتماد کی کمی“ سے جوڑنے کی کوشش کی، حالانکہ وہ بیان ایک طنزیہ ماحول میں دیا گیا تھا۔

بی جے پی کے ترجمان پردیپ بھنڈاری نے الزام لگایا کہ ’پاکستانی وزراء نے اپنے خاندانوں کے لیے بیرونِ ملک ٹکٹیں بک کروا لی ہیں‘۔

یہ دعویٰ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب بھارت پہلگام حملے کا بہانہ بنا کر پہلے ہی سندھ طاس معاہدہ معطل کر چکا ہے، پاکستانی ویزے بند کر چکا ہے، اور جنگی جنون میں مبتلا ہو کر اپنی افواج کو حملے کی کھلی چھوٹ دے چکا ہے۔

بھارت کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی الیکشن یا داخلی بحران آتا ہے، نئی دہلی اپنے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات کی بارش شروع کر دیتا ہے۔ 2019 میں بھی پلوامہ حملے کو بنیاد بنا کر بالاکوٹ میں فضائی حملے کا دعویٰ کیا گیا، جس میں نہ تو کوئی ٹھوس ثبوت پیش کیے جا سکے اور نہ ہی کوئی ہدف حاصل کیا جا سکا۔

بھارتی میڈیا اور بی جے پی کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی کہ پاکستانی عوام اور قیادت جنگ کے نعرے نہیں لگاتے، بلکہ امن، عقل اور حکمت کی بات کرتے ہیں۔ شیر افضل مروت کا طنزیہ بیان دراصل اسی رویے کا عکاس تھا — ایک ایسا ردعمل جو جنگ کے جنون کے بجائے مذاق میں دیا گیا۔

Indian Aggression

Sher Afzal Marwat

India Pakistan Tension

pahalgam attack

India Pakistan War