Aaj News

کراچی کا بڑا حصہ پانی سے چھٹے روز بھی محروم

جامعہ کراچی میں واٹر کارپوریشن کی مرکزی لائن کی مرمت تاحال نہ ہوسکی
اپ ڈیٹ 04 مئ 2025 01:55pm

جامعہ کراچی میں واٹر کارپوریشن کی مرکزی لائن پھٹنے کے باعث شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی چھٹے روز بھی متاثر رہی۔ ذرائع کے مطابق، جامعہ کراچی میں 84 انچ کی لائن پر مرمتی کام مکمل نہ ہو سکا جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہے۔

جامعہ کراچی کے فزکس، بوٹنی اور کیمسٹری ڈیپارٹمنٹس میں اب بھی کئی فٹ پانی جمع ہے۔ بیسمنٹ میں پانی کی سطح پانچ سے چھ فٹ تک جا پہنچی ہے، جس سے فرنیچر، کلاس رومز اور لیبارٹریز بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ ڈیپارٹمنٹس سے پانی نکالنے میں مزید کئی دن لگ سکتے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں موجود لیبارٹریوں کا کروڑوں روپے کا قیمتی سامان ضائع ہو چکا ہے، جب کہ کوریڈورز اور دیگر کلاس رومز میں بھی پانی جمع ہونے سے تعلیمی سلسلہ مفلوج ہو گیا ہے۔ فی الحال چھوٹے واٹر پمپس کے ذریعے پانی نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر رفتار سست ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر کو یومیہ 250 سے 300 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ پھٹی ہوئی لائن کی مرمت نہ ہونے کے باعث کراچی کا تقریباً 35 فیصد حصہ پانی سے محروم ہو چکا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلشن اقبال، گلستانِ جوہر، اولڈ سٹی ایریا، جمشید روڈ، ناظم آباد، لیاقت آباد، نشتر روڈ، پٹیل پاڑہ، گلہبار اور ڈیفنس شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر کارپوریشن کی لائن کی مرمت کا کام آج مکمل ہونے کا امکان ہے، اور پانی کی باقاعدہ فراہمی آج رات یا کل سے بحال ہو سکتی ہے۔ تاہم، شہر کے کئی علاقے آج بھی پانی کی فراہمی سے محروم رہیں گے۔

دوسری طرف شہری ٹینکر مافیا کو من مانے نرخوں پر پیسے دینے کے باوجود پانی کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں، جب کہ ہائیڈرنٹس پر پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔

شہریوں اور تعلیمی اداروں نے واٹر بورڈ اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ جامعہ کراچی جیسے اہم ادارے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے اور شہر میں پانی کا بحران جلد از جلد ختم کیا جا سکے۔

حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی جلد بحال ہونے کی امید ہے، مگر مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد ہی اس پر عملدرآمد ہو سکے گا۔

karachi univeristy

water pipeline burst