وفاقی وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر آج قومی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف آج ایک نہایت اہم بریفنگ دینے جا رہے ہیں جس میں ملک کی موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال پر روشنی ڈالی جائے گی۔ یہ بریفنگ تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کی موجودگی میں دی جائے گی تاکہ قومی یکجہتی اور دفاعی حکمت عملی کے حوالے سے مشترکہ فہم قائم کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس بریفنگ میں شرکاء کو پاکستان کی دفاعی تیاریوں، حالیہ سفارتی اقدامات اور ریاستی موقف سے تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ عسکری اور سفارتی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے سیاسی قیادت کو باخبر رکھ کر ایک متفقہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب ملک کی سیاسی قیادت کا ایک اور اہم اجلاس پیر کی شام پانچ بجے قومی اسمبلی کے ایوان میں ہوگا۔ یہ اجلاس صدر مملکت کی جانب سے طلب کیا گیا ہے جس میں موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں نہ صرف بحث کی جائے گی بلکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی کوششوں کے خلاف ایک مذمتی قرارداد بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
سیاسی و عسکری قیادت کی ان سرگرمیوں کو ملکی سالمیت، علاقائی استحکام اور پاکستان کے دفاعی مفادات کے تحفظ کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔