Aaj News

پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی حریف کو شکست دیدی

تیسرے راؤنڈ میں ہی بھارتی باکسر لڑکھڑا گیا، چوتھے راؤنڈ میں ریفری نے بھارتی باکسر کو مزید کھیلنے سے روک دیا
اپ ڈیٹ 03 مئ 2025 11:49pm

تھائی لینڈ میں ہونے والی رینکنگ فائٹ میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے روایتی حریف بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا کو پچھاڑ دیا۔ تیسرے راؤنڈ میں ہی بھارتی باکسر لڑکھڑا گیا، چوتھے راؤنڈ میں ریفری نے بھارتی باکسر کو مزید کھیلنے سے روک دیا۔

تھائی لینڈ میں ہونے والے پاک بھارت رینکنگ باکسنگ مقابلے میں پاکستان کے اُبھرتے ہوئے باکسر شہیر آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا کو چوتھے راؤنڈ میں شکست دے دی۔

بین الاقوامی رینکنگ فائٹ میں دونوں باکسرز نے زور آزمائی کی، مگر شہیر آفریدی ابتدا ہی سے بہتر فارم میں نظر آئے۔ تیسرے راؤنڈ کے اختتام تک بھارتی باکسر لڑکھڑانے لگے تھے اور ان کی دفاعی حکمت عملی ناکام ہوتی دکھائی دی۔

چوتھے راؤنڈ میں شہیر آفریدی کے تابڑ توڑ حملوں کے سامنے ترجوت سنگھ باوا زیادہ دیر ٹھہر نہ سکے، جس کے باعث ریفری نے بھارتی باکسر کو مزید مقابلہ جاری رکھنے سے روک دیا اور پاکستانی باکسر کو فتح کا حقدار قرار دے دیا۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے شہیرآفریدی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

فتح پاک فوج اور شہدا کے نام کر دی

شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر کے خلاف فتح پاک فوج اور شہدا کے نام کر دی۔ ویڈیو پیغام میں سپورٹ کرنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سندھ حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شہیر آفریدی کا کہنا تھا کہ انشااللہ پاکستان کیلئے ورلڈ ٹائٹل لاؤں گا۔

19 سالہ عالیہ سومرو کی پروفیشنل باکسنگ میں دبنگ انٹری

دوسری جانب لیاری کی 19 سالہ عالیہ سومرو نے پروفیشنل باکسنگ میں دبنگ انٹری دے دی، تھائی لینڈ میں ہونے والے فائٹ پہلے راؤنڈ میں ہی اپنے نام کر لی۔

دس راؤنڈ پر مشتمل مقابلے میں عالیہ نے تھائی لینڈ کی سوتھیدا کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔

thailand

boxing

Shaheer Afridi