Aaj News

ڈمپر جلانے کا مقدمہ: آفاق احمد سمیت 12 ملزمان کے چالان عدالت میں پیش، 6 مئی کو طلب

آفاق احمد اس مقدمے میں ضمانت پر رہا ہیں
شائع 03 مئ 2025 01:23pm

کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیزی، ڈمپر جلانے اور چینی چوری کے مقدمے میں مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے سربراہ آفاق احمد سمیت 12 ملزمان کو 6 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ پولیس نے کیس کا چالان عدالت میں جمع کراتے ہوئے بتایا کہ مقدمہ لانڈھی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس چالان کے مطابق، آفاق احمد نے مبینہ طور پر ایک آڈیو پیغام کے ذریعے اپنے کارکنوں کو اشتعال دلایا اور پرتشدد کارروائیوں پر اکسایا۔ چالان میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ان کی ایما پر ایک کینٹینر کو نذر آتش کیا گیا، جس میں چینی کی بوریاں موجود تھیں جو بعد میں چوری کر لی گئیں۔

پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ کینٹینر جلانے کا حکم آفاق احمد کی جانب سے دیا گیا تھا۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت کے لیے 6 مئی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

یاد رہے کہ آفاق احمد اس مقدمے میں پہلے ہی ضمانت پر رہا ہیں۔

Afaq Ahmed

MQM Haqiqi