Aaj News

قوم کا دشمن کو دو ٹوک پیغام؛ وادی لیپہ سے قصور تک شہریوں نے دشمن کو للکار دیا

پانی ہماری ریڈ لائن ہے ملک کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے، شہریوں کا دو ٹوک مؤقف
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وادی لیپہ میں عوام بھارتی جارحیت سے مقابلے کے لیے پرعزم ہیں، گھروں کے ساتھ تعمیر کردہ بنکرز کی صفائی شروع کر دی۔ قصور کے عوام کا جذبہ 1965 کی جنگ کی طرح بلند، نہر بی آر بی کے پل پر پہنچ کر دشمن کو للکارنے لگے۔ اوباڑو میں پاک فوج کےاظہاریکجہتی کیلئےریلی نکالی گئی۔ وہاڑی اور گوجرہ میں بھی شہریوں نےہاتھوں میں بینرزاٹھاکرریلیاں نکالی۔

بھارت کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن جیسے من گھڑت الزامات اور خطے میں کشیدگی پھیلانے کی کوششوں کے خلاف آزاد کشمیر کے عوام نے سخت ردعمل دیتے ہوئے دفاعی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ وادی لیپہ میں کنٹرول لائن کے قریب بسنے والے شہریوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا پاک فوج کے شانہ بشانہ مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

علاقے کے مکینوں نے گھروں کے ساتھ موجود زیرِ زمین بنکرز کی صفائی اور مرمت کا کام تیزی سے شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دیں گے۔

مقامی شہریوں نے کہا کہ بھارت آئے روز فالس فلیگ آپریشن جیسے ڈرامے رچا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگاتا ہے، تاکہ عالمی برادری کی توجہ اپنے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ہٹا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعہ کو پاکستان سے جوڑنے کی بھارتی کوشش جھوٹ اور پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں، اور پاکستانی عوام اس کا ہر محاذ پر دفاعی اور سفارتی سطح پر بھرپور جواب دینے کے لیے متحد ہیں۔

ادھر قصور کے شہریوں میں ایک دفعہ پھر1965 کاجذبہ جاگ گیا۔ شہری بی آربی پل پر پہنچ کر دشمن کو للکارتے رہے۔

وہاڑی اور گوجرہ میں بھی شہریوں نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا کر ریلیاں نکالی، شہریوں نے کہا کہ پاک وطن کی محبت سے سرشارعوام کا کہنا تھا کہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے ملک کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔

سندھ کے شہر اوباڑو میں پاک فوج سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے ملک کی خاطرپاک فوج کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کیا۔