Aaj News

’بھارت نے جنگ مسلط کی تو فیصلہ کن جواب کیلئے تیار رہے!‘ کور کمانڈرز کانفرنس

کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف نے تمام فارمیشنزاور اسٹرٹیجک فورسز پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا
اپ ڈیٹ 02 مئ 2025 07:52pm
Pakistan Army vows decisive response to Indian aggression - Aaj News

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کے اجلاس میں ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شرکا کانفرنس نے کہا کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو فیصلہ کن جواب کیلئے تیار رہے! جنگ کی کسی بھی کوشش کا بھر پور اور فیصلہ کن جوب دیا جائے گا، فورم نے کہا کہ پاکستانی عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے تمام فارمیشنزاور اسٹرٹیجک فورسز پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر قیادت کور کمانڈرز کانفرنس کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ فورم نے خطے کی موجودہ صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ بالخصوص پاک، بھارت کشیدگی اور علاقائی سلامتی کا معاملہ زیرغور آیا۔ کور کمانڈر کانفرنس میں ملکی سالمیت کیلئے مسلح افواج کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں، کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے پر بھی زور دیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید اظہار تشویش کیا۔

کورکمانڈرز اجلاس میں فورم نے کہا کہ بھارتی افواج ایل او سی پر شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے، بھارتی فوج کی غیر انسانی کارروائیاں کشیدگی بڑھاتی ہیں، بھارتی کارروائیوں کا مؤثراور مناسب جواب دیا جائے گا۔ کور کمانڈر کے شرکاء نے بھارت کی جانب سے گھڑے گئے بحرانوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت یکطرفہ چالوں سے اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

شرکا کانفرنس نے کہا کہ بھارت نے 2019 میں پلوامہ کا ڈرامہ رچایا، یہ ڈرامہ مقبوضہ کشمیر کے اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کیلئے رچایا گیا، پہلگام واقعہ کا مقصد پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں سے ہٹانا اور اقتصادی بحالی کی کوششوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

کور کمانڈر کانفرنس میں شرکاء کانفرنس نے کہا کہ ان دو عوامل میں پاکستان پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، بھارت پاکستان کے بنیادی آبی حقوق کو غضب کرنے کے درپئے ہے۔

شرکاء کور کمانڈرز نے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہے، بھارتی حرکت سے پاکستان کی 24 کروڑ آبادی متاثر ہوگی، جنوبی ایشیا میں عدم استحکام میں اضافہ ہوگا، بھارتی فوج پاکستان میں دہشتگردی کو منظم کر رہی ہے۔

شرکا کانفرنس نے بھارتی فوج، انٹیلی جنس کے ملوث ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ یہ اقدامات ریاستی سرپرستی میں ہو رہے ہیں، یہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی اور ناقابلِ قبول ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر قیادت کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنگ کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا۔

کور کمانڈرز اجلاس میں آرمی چیف نے تمام فارمیشنز اور اسٹرٹیجک فورسز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

Corps Commanders conference

Army Chief Asim Munir