Aaj News

بھارتی ویب سائٹس پاکستان میں بلاک، فیصل واوڈا کی تصدیق

یہ جواب اصل ہے، سود ابھی باقی ہے، فیصل واوڈا
شائع 30 اپريل 2025 03:14pm

سینیٹر فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے پہلے مرحلے میں بھارت کی متعدد ویب سائٹس کو ملک میں بلاک کر دیا ہے، جو بھارت کے پاکستان مخالف اقدامات کا جواب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو پاکستان کے ساتھ کیا، ہم نے بھی وہی کچھ بھارت کے ساتھ کر دیا ہے، اور یہ صرف شروعات ہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہر اقدام کا جواب سود سمیت دیا جائے گا۔ ان کا دو ٹوک مؤقف تھا کہ ”یہ جواب اصل ہے، سود ابھی باقی ہے۔“

اس سے قبل سینیٹر فیصل واوڈا نے سخت لب و لہجے میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پاکستان ایسا جواب دے گا کہ وہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ ردعمل کے لیے مکمل تیار ہیں۔

بھارت سائبر دہشت گردی پر اتر آیا، پاکستانی وزارتوں پر سائبر حملے

انہوں نے کہا کہ کہیں بھی دہشت گردی ہو، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پہلا وار ہم کریں گے اور دشمن کی بنیادیں ہلا دیں گے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے بھارت کی جانب سے پانی بند کرنے کی دھمکیوں کا بھی سخت جواب دیا اور کہا کہ اگر بھارت نے پانی بند کیا تو پہلا حملہ پاکستان کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کو تجارتی اور فضائی حدود بند کر کے بھرپور نقصان پہنچایا ہے، اور اس وقت پوری قوم متحد ہو کر اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ فیصل واوڈا نے بھارتی سابق جنرل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خود بھارتی جرنیل مان رہے ہیں کہ پاکستان آرمی بہت تگڑی ہے۔

faisal vawda

Indian Aggression

India Pakistan Tension

pahalgam attack

Pahalgam incident

Indian Web Sites Block