Aaj News

جامعہ کراچی میں پانی کی 84 انچ قطر کی مرکزی لائن پھٹ گئی، شہر کو فراہمی متاثر

سی ای او واٹر کارپوریشن نے متاثرہ لائن کی فوری مرمت کے احکامات جاری کر دیے
شائع 29 اپريل 2025 05:06pm

جامعہ کراچی سے گزرنے والی پانی کی 84 انچ قطرکی مرکزی لائن پھٹ گئی، یونیورسٹی کا نصف سے زیادہ رہائشی علاقہ زیر آب آگیا اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے متاثرہ لائن کی فوری مرمت کے احکامات جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں رہائشی علاقے کے قریب سے گزرنے والے واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی مرکزی پائپ لائن پھٹ گئی، جس کے باعث جامعہ کراچی کی رہائشی کالونی کا بڑا علاقہ زیر آب آگیا اور پانی گھروں میں داخل ہونے سے مکینوں کا قیمتی سامان خراب ہوگیا۔

رہائشی کالونی زیر آب آنے کے بعد جامعہ کراچی میں رہائش پذیر افراد اور طلبہ اسکول اور دفاتر کو نہیں جاسکے۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق واٹر کارپوریشن نے پانی کے دباؤ کو کم کردیا گیا ہے تاکہ مرمتی کام شروع کیا جاسکے، پانی کے بہاؤ میں کمی آتے ہی مرمتی کام کا آغاز کردیا جائے گا جو کہ لگاتار 24 گھنٹے جاری رہے گا اور 96 گھنٹے میں مکمل کرلیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق مرمتی کام کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی، متاثرہ علاقوں میں جمشید ٹاؤن، جناح ٹاؤن، لیاقت آباد، ناظم آباد، پاک کالونی، گولیمار، شیرشاہ، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، کورنگی اور پی اے ایف بیس مسرور بھی شامل ہیں۔

ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ شہر کو مجموعی طور پر یومیہ 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے، مرمتی کام کے دوران شہر کو یومیہ 250 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

واضح رہے کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 84 انچ قطر کی مرکزی اس سے قبل بھی کئی مرتبہ پھٹ چکی ہے، رواں سال فروری میں حسن اسکوائر سے جیل چورنگی کے درمیان لائن پھٹنے سے پانی سڑک پر آگیا تھا جبکہ متعدد واٹر ٹینکرز بھی پانی بھرنے کی وجہ سے روڈ پر دھنس گئے تھے۔

water pipe line

water pipeline burst