Aaj News

کراچی : جماعت اسلامی کی ہڑتال، تاجروں کا زبردستی دکانیں بند کروانےکا دعویٰ

شہر قائد میں نامعلوم افراد کا کھلے عام گشت انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ جاوید شمس
شائع 26 اپريل 2025 03:08pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

انجمن تاجران کراچی نے دعویٰ کیا ہے جماعت اسلامی کی کال پر کراچی میں ہڑتال کے دوران شہر بھر میں دکانوں کو زبردستی بند کرایا جا رہا ہے۔

انجمن تاجران کراچی کے صدر جاوید شمس نے دکانوں کی زبردستی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں نامعلوم افراد کا کھلے عام گشت انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال

انجمن تاجران کراچی نے کہا کہ لیاقت آباد، ناظم آباد اور کریم آباد سمیت کئی علاقوں میں کھلی ہوئی دکانوں کو بزور طاقت بند کروایا جا رہا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس افسران کے دعوے کہ شہر میں امن قائم ہے اب صرف دعووں تک محدود نظر آتے ہیں۔

جاوید شمس نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مطالبہ کیا کہ وہ دکانیں زبردستی بند کرانے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔

آل سٹی تاجر اتحاد کا جماعت اسلامی کی ہڑتال سے متعلق بڑا اعلان

صدر انجمن تاجران نے یاد دہانی کروائی کہ کراچی کی تاجر برادری نے 7 اپریل کو فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے خلاف اپنی مارکیٹیں از خود بند کر کے یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا، لیکن اب کسی قسم کی زبردستی اور دباؤ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تاجر برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ تاجروں کو آزادانہ طور پر اپنا کاروبار جاری رکھنے کا حق حاصل ہو۔

traders

jamat e islami strike

President Anjuman Traders

Shops close