Aaj News

معظم بٹ کا قاضی انور کی پریس کانفرنس پر برجستہ جواب

رپورٹس کی آڑ میں چھپنا ممکن نہیں، کسی کو بھی اختیارات کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، معظم بٹ
شائع 23 اپريل 2025 03:02pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ایڈوکیٹ معظم بٹ نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے اندرونی معاملات اور اصولی مؤقف پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پی ٹی آئی سے والہانہ لگاؤ ہے اور یہ لگاؤ بانی چیئرمین کے وژن نے پیدا کیا ہے، جو ہمیشہ قانون اور انصاف کے علمبردار رہے ہیں۔

معظم بٹ نے سابقہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قاضی انور نے اپنی گفتگو میں انکوائری کمیٹی سے متعلق کچھ نہیں کہا، حالانکہ یہ بات ویسل بلور قانون کے تحت نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹس کی آڑ میں چھپنا ممکن نہیں، اور کسی کو بھی اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کمیٹی کے رکن جنید اکبر خان تھے اور بانی چیئرمین نے باقاعدہ طور پر ان کے حوالے کمیٹی کی ذمہ داری کی تھی۔ معظم بٹ نے دعویٰ کیا کہ آج تک بانی چیئرمین نے کسی بھی موقع پر یہ نہیں کہا کہ جنید اکبر کو کمیٹی سے ہٹایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کی طرف سے شکیل خان ایم پی کے خلاف ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں سارا ملبہ انہی پر ڈال دیا گیا تھا، لیکن اب جو نئی رپورٹ سامنے آئی ہے وہ مکمل سکروٹنی کے بعد تیار کی گئی ہے۔

معظم بٹ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ رپورٹ پر صرف قاضی انور کے دستخط ہیں، اور اس میں جس افسر وقار کا ذکر ہے، قاضی انور ماضی میں خود اس کے وکیل رہ چکے ہیں۔ ان کے مطابق قاضی انور کو ایسی کمیٹی کا حصہ نہیں بننا چاہیے تھا جو اسپیکر کے خلاف بنائی گئی تھی، کیونکہ یہ مفادات کا تصادم ہے۔

انہوں نے پارٹی قیادت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسئلے کا ملبہ بانی چیئرمین پر ڈالنا درست نہیں۔ بانی چیئرمین نے کبھی نہیں کہا کہ کسی سے غیر قانونی سلوک کریں یا قانون سے ہٹ کر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی میں یہ رویہ رہا تو پھر نیب کو بند کر دیں، آئی جی کو گھر بھیج دیں اور اپنے ساتھ صرف لاٹھی بردار افراد کو رکھیں۔

معظم بٹ نے سوال کیا کہ جنید اکبر کو کس طرح تبدیل کیا گیا؟ اور مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن اور پارٹی قوانین کے مطابق چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیا بانی چیئرمین یہ کہیں گے کہ انہیں گالیاں دینے والوں کے ساتھ اتحاد کیا جائے؟ انہوں نے تنقید کی کہ ایمل ولی نے اسمبلی فلور پر کہا تھا کہ یہ گند ہے، اسے صاف کیا جائے، مگر پھر انہی سے اتحاد کرلیا گیا تاکہ کچھ لوگ اپنی نوکریاں بچا سکیں۔

معظم بٹ نے کہا کہ بانی چیئرمین قانون کے علمبردار ہیں، لیکن بعض لوگ قانون کی غلط تشریح کرکے عوام کو گمراہ کرتے ہیں اور اس کی آڑ میں خود کو بچاتے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو اصولوں پر قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ قانون، انصاف اور شفافیت کی راہ پر گامزن رہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی چئیرمین نے سیدھا سیدھا مائنز اینڈ منرلز بل کو رد کیا ہے،جس کمیٹی کا اپنا پیڈ نہیں اُسنے تحقیقات کیا کرنی ہیں۔

معظم بٹ نے کہا کہ جس شیر افضل مروت نے مشکل وقت میں پارٹی کو سہارا دیا آپ نے اُس کو نکال دیا۔

Insaf Lawyers Forum (ILF)

Qazi Anwar

Moazzam Butt Advocate