Aaj News

ہری پور : گھر پر تیندوے کا حملہ،متعدد بکریاں ہلاک

کبیروالا میں بھی بااثر افراد کے پالتو کتے نے کمسن بچی کو زخمی کر دیا۔
شائع 22 اپريل 2025 02:26pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

ملک کے مختلف علاقوں میں جنگلی جانوروں کے حملے اور غیر قانونی اسمگلنگ کے واقعات میں اضافہ ،عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کے بالائی علاقے چسکلاں میں جنگلی تیندوا آبادی میں گھس آیا، جس نے دو گھروں پر حملہ کرتے ہوئے متعدد بکریوں کو ہلاک کر دیا۔

مقامی افراد کے مطابق تیندوا ایک شہری پر بھی حملہ کرنے ہی والا تھا کہ شور شرابے کے باعث جنگل کی طرف فرار ہو گیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی تیندوے کے حملے میں ایک باپ اور بیٹا زخمی ہو چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔

گلگت بلتستان میں چارنایاب برفانی تیندوے ایک ساتھ، ویڈیو جاری

اسی طرح پنجاب کی تحصیل کبیروالا میں بھی بااثر افراد کے پالتو کتے نے ٹیوشن سے واپس آتی ایک کمسن بچی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بچی زخمی ہو گئی۔ بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج کرا دی گئی ہے۔

دیپالپور میں عید کے پر موقع پر افسوسناک واقعہ، آوارہ کتوں نے 10 سالہ بچے کو نوچ ڈالا

مانسہرہ کے علاقے بالاکوٹ میں پولیس نے ریچھ کے بچے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم شکیل کو گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی بالاکوٹ کے مطابق ریچھ کے بچے کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم پر دو لاکھ دس ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلی جانوروں کی نگرانی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

Dog bite

Leopard attack

Bear cub smuggling

Goats killed

wild animals