انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج کی رخصت، اہم مقدمات میں کارروائی مؤخر
انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ کی رخصت کے باعث جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس اور 5 اکتوبر کے پرتشدد احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی آئندہ سماعت اب 28 اپریل کو ہو گی۔ جج کی چھٹی کے باعث عدالت میں کوئی کارروائی نہ ہو سکی اور عدالتی عملے نے تمام ملزمان کی حاضری لگوانے کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے، جس میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین، مرکزی قیادت، شیخ رشید احمد سمیت متعدد رہنما اور کارکنان نامزد ہیں۔ کیس میں مجموعی طور پر 120 ملزمان ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا
دوسری جانب، پانچ اکتوبر 2023 کے پرتشدد احتجاج کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 7 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مقدمے کا مکمل ریکارڈ اور تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔
ان دونوں اہم مقدمات کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جاری تھی تاہم جج امجد علی شاہ کی رخصت کے باعث آج کوئی باقاعدہ کارروائی عمل میں نہ آ سکی۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔