کراچی: ٹریفک حادثات میں ملوث دو ٹرک ڈرائیور عدالت میں پیش، ایک کو ضمانت، دوسرا جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
کراچی میں پیش آئے دو مختلف ٹریفک حادثات میں ملوث ٹرک ڈرائیورز کو عدالتوں میں پیش کیا گیا، جہاں ایک ملزم کو ضمانت جبکہ دوسرے کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
شارع فیصل پر پولیس موبائل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور شفیق الرحمٰن کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی درخواست کی، جس میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش درکار ہے۔
تاہم عدالت نے شفیق الرحمن کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت دے دی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم پر لگائی گئی دفعہ قابلِ ضمانت ہے۔ ملزم کے خلاف شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت (سٹی کورٹ) میں نیوچالی کے علاقے میں پیش آئے ٹریفک حادثے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں دو افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ پولیس نے حادثے میں ملوث ٹرالر ڈرائیور عابد علی کو عدالت میں پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا اور آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ اس واقعے کا مقدمہ تھانہ میٹھادر میں درج کیا گیا تھا۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔