Aaj News

گورنر پنجاب کا گورنر ہاؤس میں اسرائیلی مصنوعات اور غیر ملکی مشروبات پر مکمل پابندی کا اعلان

عوام ان تمام اشیا کا بائیکاٹ کریں جن سے اسرائیل یا دیگر ”ظالم قوتوں“ کو مالی فائدہ پہنچتا ہو، گورنر پنجاب
شائع 14 اپريل 2025 10:59am

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس پنجاب میں اسرائیلی برانڈز، مصنوعات اور غیر ملکی مشروبات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اتوار کو گورنر ہاؤس لاہور میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حیدر علی گیلانی، سینئر رہنما چوہدری منظور اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ جب تک میں گورنر پنجاب کے عہدے پر ہوں، گورنر ہاؤس میں اسرائیلی مصنوعات اور برانڈز کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ غزہ اور فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر جاری ظلم و بربریت ناقابلِ برداشت ہے، اور دل خون کے آنسو روتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ان تمام اشیا کا بائیکاٹ کریں جن سے اسرائیل یا دیگر ”ظالم قوتوں“ کو مالی فائدہ پہنچتا ہو۔ ان کے مطابق یہ وقت یکجہتی کا ہے، ہمیں ایک اجتماعی پیغام دینا ہوگا کہ پاکستانی قوم مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔

جماعت اسلامی کا 22 اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

یہ اعلان ملک گیر بائیکاٹ مہم کا حصہ ہے جو مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت میں جاری ہے۔ ایک روز قبل امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی میں ’یکجہتی غزہ مارچ‘ سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

اسی طرح 10 اپریل کو اسلام آباد میں مجلس اتحاد امت پاکستان کے زیر اہتمام قومی کانفرنس میں اسرائیل سے تعلق رکھنے والے ممالک سے سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پشاور میں بھی 11 اپریل کو جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں امریکہ اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے گئے۔

یاد رہے کہ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

Governor House Punjab

Israeli Products Boycott

Sardar Saleem Haider Khan