Aaj News

تاجر برادری کا وفاق سے سولر پالیسیوں پر نظرثانی کا مطالبہ

سولر صارفین سے بجلی خریداری کی قیمت 27 روپے سے 10 روپے کرنا ظلم ہے، صدر انجمن تاجران
شائع 03 اپريل 2025 02:22pm

صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سولر پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے اور سولر صارفین سے بجلی کی خریداری میں رعایت دی جائے۔ اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ سولر صارفین سے بجلی خریداری کی قیمت 27 روپے سے 10 روپے کرنا ظلم ہے، اور اس پر فوری طور پر نظرثانی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سولر پر عائد 18 فیصد سیل ٹیکس واپس لیا جائے اور بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کی جائے تاکہ عوام اور تاجر برادری کو فائدہ ہو سکے۔

اجمل بلوچ نے ملک کی بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیروں اور مشیروں کی تنخواہوں میں اضافے سے ایسا لگتا ہے کہ ملک پر قرضوں کا کوئی بوجھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے خرید و فروخت میں کمی آ رہی ہے اور تاجر برادری انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خریداری میں کمی کے سبب ڈیمانڈ بھی کم ہو رہی ہے، جس سے کسان اور صنعتکار کو نقصان ہو رہا ہے۔ اجمل بلوچ نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور مفت بجلی کے سبب 700 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

آخر میں انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ اپنے اخراجات میں کمی کرے تاکہ ملکی مالی حالات بہتر ہو سکیں۔

New Solar Policy