Aaj News

بےروزگاری کو کم کرنےکے لئےاہم تجاویز پنجاب اسمبلی میں پیش

ہر فیکٹری پر مقامی لیبر کوٹا لازم قرار دینے کی تجویز
شائع 20 مارچ 2025 01:58pm

پنجاب اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین یک زبان ہو گئے، بے روزگاری کے خاتمے کے لیے متفقہ بل پیش کر دیا گیا۔ 18 ایم پی ایز کی متفقہ رائے سے ”دی فیکٹریز (ترمیمی) بل 2025“ اسمبلی میں پیش کیا گیا، جس کا مقصد مقامی مزدوروں کو زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔

زرائع کے مطابق پنجاب کی تمام فیکٹریوں میں مقامی لیبر کوٹا لازم قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے، فیکٹری ایکٹ 1934 میں ترمیم کے لیے پیش کردہ بل کی منظوری کے بعد فیکٹریاں مقامی آبادی کو ترجیح دینے کی پابند ہوں گی۔

بل کے متن کے مطابق 50 فیصد ملازمتیں غیر ہنر مند مزدوروں کے لیے مختص کی جائیں گی۔ 25 فیصد ملازمتیں مقامی افراد کے لیے لازم ہوں گی۔

موجودہ فیکٹریوں کو نئے کوٹے پر عمل درآمد کے لیے مہلت دی جائے گی۔ عملدرآمد نہ کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی، فیکٹری مالکان ملازمین کا رہائشی ریکارڈ متعلقہ اداروں میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔

بل کے متن کے مطابق ان ترامیم سے مقامی سطح پر معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا اور بے روزگاری میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

بل کو پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو دو ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔ حکومت پنجاب ترامیم کی منظوری یا مسترد کرنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔

بل پیش کرنے والوں میں وقاص مان، احمد خان بھچر، علی امتیاز، امجد علی جاوید، شوکت راجہ، افضل چٹھا، سمیع اللہ خان، احسن رضا، اعجاز شفیع، آمنہ حسن اور دیگر شامل ہیں۔

punjab assembly

LABOUR BILL