Aaj News

خیبرپختونخوا حکومت اپنی ہی پارٹی کے نشانے پر، پی ٹی آئی پشاور کی قیادت کا اظہارِ ناراضی

مسائل کے حل پر فوری توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا آپشن بھی موجود ہے، پی ٹی آئی پشاور
شائع 09 مارچ 2025 02:41pm

خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت پر اپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی تنقید سامنے آئی ہے۔ ترقیاتی کام نہ ہونے پر پی ٹی آئی پشاور کی ضلعی تنظیم کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی رہنماؤں نے حکومت کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے تیسرے دورِ حکومت میں بھی پشاور مسائل کا شکار ہے۔ شہر کے مختلف حلقوں میں ترقیاتی کاموں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سیوریج کا نظام برباد ہو چکا ہے اور بارشوں کے بعد شہر سیلابی منظر پیش کرتا ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ڈبلیو ایس ایس پی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے صفائی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے جبکہ شہر کے کئی علاقے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ پشاور میں اسٹریٹ لائٹنگ کا بھی فقدان ہے جس سے عوام کو مشکلات درپیش ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں اور پشاور کا ترقیاتی فنڈ دوسرے اضلاع میں منتقل کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اعلامیہ میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سیف سٹی پراجیکٹ 2009 میں تجویز کیا گیا تھا، لیکن اب تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر مسائل کے حل پر فوری توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا آپشن بھی موجود ہے۔

PTI Peshawar Protest