Aaj News

طورخم بارڈر پر ایک بار پھر پاک افغان فورسز کے درمیان جھڑپ، مارٹر گولہ گرنے سے کسٹم اہلکار زخمی

طورخم بارڈر 12آج ویں روز بھی تجارتی سرگرمیوں اور عام شہریوں کی آمدورفت کے لیے بند
شائع 05 مارچ 2025 02:14pm

طورخم بارڈر پر پاک افغان فورسز کے درمیان ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، فائرنگ کے دوران ایک مارٹر گولہ طورخم باچا مینہ میں گرنے سے کسٹم کلیئرنس ایجنٹ اسحاق خان شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال لنڈی کوتل منتقل کردیا گیا۔

سرحدی کشیدگی کے باعث طورخم بارڈر 12آج ویں روز بھی تجارتی سرگرمیوں اور عام شہریوں کی آمدورفت کے لیے بند ہے۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد کل سے دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان فائر بندی قائم ہے، تاہم سرحدی گزرگاہ کی بندش کی وجہ سے ہزاروں مسافر اور تجارتی گاڑیاں دونوں جانب پھنس کر رہ گئی ہیں۔

یاد رہے کہ طورخم سرحدی گزرگاہ پر 11 روز قبل کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی تھی جب افغان فورسز نے متنازع علاقے میں ایک چیک پوسٹ کی تعمیر شروع کی، جس پر پاکستانی فورسز نے مداخلت کرکے تعمیراتی کام رکوا دیا۔ اس کے نتیجے میں دونوں طرف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو دو دن تک جاری رہا۔

بنوں کینٹ حملے میں 16 دہشتگرد ہلاک، 5 بہادر اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اس جھڑپ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں 8 پاکستانی سیکیورٹی اہلکار اور ایک مقامی شہری زخمی ہوئے، جبکہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 افغان اہلکار مارے گئے۔

بارڈر بندش کے باعث دونوں ممالک کے تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے، جبکہ عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

Pak Afghan border

Torkham Border

Pakistan Afghanistan Clash