Aaj News

19 گریڈ کے نیب افسر وقاص احمد کی موت پر نئے اہم انکشافات

وقاص احمد کے جسم پر زخموں کے نشانات موجود نہیں تھے، البتہ پاؤں پر سرنج کے نشان پائے گئے، ذرائع
شائع 03 مارچ 2025 10:28am

اسلام آباد میں نیب کے گریڈ 19 کے افسر وقاص احمد کی پراسرار موت کے معاملے پر تاحال پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے نہیں آسکی ہے، جبکہ ٹیسٹ سیمپل بھی لیب میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق، رپورٹ اور ٹیسٹ کے نتائج چند روز میں جاری کیے جائیں گے۔

وقاص احمد گزشتہ 10 روز سے ایک نجی گیسٹ ہاؤس میں مقیم تھے۔ ذرائع کے مطابق، وہ متعدد بار گاڑی گیسٹ ہاؤس کے باہر ٹکرا چکے تھے اور ایک موقع پر موٹر سائیکل سوار کو بھی گاڑی سے ٹکر ماری تھی۔

وقاص احمد کی ڈیڈ باڈی 23 فروری کو تھانہ آبپارہ کی حدود میں واقع گیسٹ ہاؤس سے برآمد ہوئی تھی، جس کی اطلاع گیسٹ ہاؤس کے عملے نے دی۔ ان کی اہلیہ لاہور میں مقیم تھیں جنہیں موت کی خبر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق، وقاص احمد کے جسم پر کسی قسم کے زخموں کے نشانات موجود نہیں تھے، البتہ ان کے پاؤں پر سرنج کے نشان پائے گئے۔ پولیس کے مطابق، کمرہ اندر سے لاک تھا اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید پیش رفت متوقع ہے۔

NAB officer

Waqas Ahmed