Aaj News

زیادہ غصہ کرنے والے افراد کو کونسے رنگ کے کپڑے پہننے چاہئیں

کینسر کے مریض اور خون کی کمی والے لوگ کونسے رنگ استعمال کریں؟
اپ ڈیٹ 03 مارچ 2025 04:48pm
Dr Umme Raheel on how to use colours to control anger - Baran-e-Rehmat Sehri Transmission

رنگ ہماری زندگی، مزاج اور جذبات پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ یہ شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ کلر تھراپی میں مختلف رنگوں کا استعمال ذہنی دباؤ کم کرنے اور بیماریوں کے علاج میں کیا جاتا ہے۔ مثبت رنگ خوشی اور توانائی بڑھاتے ہیں جبکہ تاریک رنگ اداسی یا پریشانی پیدا کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر ام راحیل نے آج نیوز کے خصوصی سحری ٹرانسمیشن میں گفتگو کے دوران بتایا کہ رنگ ہمارے زندگی میں بہت اہمیت رکھتے ہیں اور رنگوں سے علاج بھی کیا جاتا ہے۔

رنگوں سے علاج کی بارے میں شہریار عاصم نے ڈاکٹر امِ راحیل سے سوال کیا کہِ جو لوگ غصہ بہت کرتے ہیں، ہر وقت غصے میں رہتے ہیں ان کے لئے آپ کیا کہیں گی کہ انہیں کونسے رنگ استعمال کرنا چاہیئں یا کونسے رنگ کے ماحول میں رہنا چاہیے؟

ڈاکٹر امِ راحیل نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو اس میں یہ بات نہایت ضروری ہے کہ ہم خود اس پر کام کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ ہم خود اپنے غصے کو کم کرنا چاہتے ہیں یا نہیں، جب ہم خود اپنی بیماری یا کمزوری پر کام کرنا چاہتے ہیں تو اللہ تعالی بھی ہماری مدد فرماتا ہے اور راستے نکالتا ہے اور اس میں شفا بھی عطا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلکل ایسا ہوتا ہے کہ کچھ لوگوں کے مزاج میں بہت غصہ ہوتا ہے وہ بہت ہائپر رہتے ہیں، تو ایسے لوگوں کو ’لال رنگ‘ سے دور رہنا چاہیے۔ لال رنگ ہمارے خون کی گردش کو بڑھاتا ہے۔ اسی طرح جو لوگ بہت سست ہوتے ہیں، بجھے بجھے ہوتے ہیں یا خون کی کمی کا شکار ہوتے ہیں، انہیں ہم لال رنگ کا استعمال بتاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کینسر کے مریضوں کو لال رنگ کا استعمال بتایا جاتا ہے۔

ام راحیل نے غصہ کرنے والوں کیلئے بتایا کہ وہ لوگ لال رنگ کے استعمال سے بچیں اس کے ساتھ ہی انہیں ’سفید رنگ‘ کو اپنی زندگی میں رکھنا چاہیے۔ اس کے علاوہ انہیں ہرا رنگ استعمال کرنا چاہیے۔ یہ دونوں رنگ ان کے مزاج پر خوشگوار اثر ڈالیں گے اور بہتری آئے گی۔

انہوں نے اس بات پر کہ بہت سے لوگ رنگوں پر یقین نہیں رکھتے، کہا کہ لیکن پھر بھی رنگ ان کے مزاج پر اثر انداز ہورہے ہوتے ہیں۔ دیکھیں ہم لاشعوری طور پر سردیوں میں گہرے رنگ استعمال کرتے ہیں، گہرے رنگ کو ترجیح دیتے ہیں اور گرمیوں میں ہم ہلکے رنگوں کا استعمال کرتے ہیں۔

حالات کے حساب سے اگر خوشی ہے تو ہم کچھ اور رنگ پہن رہے ہیں اور غم ہے تو کچھ اور رنگ پہن رہے ہیں، رنگ ہمارے مزاج اور ہماری زندگی میں گہرا اثر ڈالتے ہیں۔

ڈاکٹر امِ راحیل نے کہا کہ رنگوں کا درست استعمال آپ کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالا رنگ اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گرمیوں میں ہم کالے رنگ کے کپڑے نہیں پہنتے بلکہ ہلکے رنگوں کا استعمال کرتے ہیں۔

Ramadan 2025

Ramadan Health

Sehri Transmission