Aaj News

رمضان المبارک کی آمد سے پہلے کچن ،گھر اور دیگر امور کی تیاری کیسے کریں

یہ تیاری ماہِ رمضان میں وقت، توانائی اور وسائل کی بچت کرے گی
شائع 28 فروری 2025 01:17pm

رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ یہ نہ صرف روحانی بلکہ جسمانی اور ذہنی بہتری کا بھی بہترین موقع ہوتا ہے۔ اس مقدس مہینے کی برکتوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کے لیے ہمیں پہلے سے کچھ تیاری کرنی چاہیے۔

رمضان المبارک کی آمد سے پہلے کچن اور گھر کی دیگر تیاری کرنا نہ صرف وقت کی بچت کرتا ہے بلکہ عبادات پر توجہ مرکوز رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے

کچن اور دیگرضروری تیاری

رمضان کے ماہِ مبارک میں کچن وہ جگہ ہے جہاں سب سے زیادہ اہتمام کیا جاتا ہے، کچھ تیاری رمضان کے حوالے سے بہت ضروری ہے مثلا پہلے سے کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ افطاری اور سحری کی خوراک کی منصوبہ بندی بھی پہلے سے کرلی جائے۔ بہتر ہوگا کہ ایک ہفتہ وار یا ماہانہ مینو ترتیب دیں تاکہ روزانہ کی افطاری اور سحری کے لیے پریشانی نہ ہو۔

اسکے ساتھ ہی ضروری اشیاء جیسے آٹا، چاول، چنے، بیسن، دالیں، کھجوریں، شربت، دودھ، دہی، گوشت، اور دیگر ضروری اجزاء پہلے سے خرید لیں۔

رمضان اور افطار: لذیذ پکوانوں کا خوشگوار امتزاج

ایک اہم کام فریزر کی صفائی بہت ضروری ہے اور سموسے، رول، کباب، چپلی کباب، فروزن پراٹھے اور دیگر اشیاء تیار کرکے منجمد کر لیں۔

مصالحے، آئل، اور دیگر روزمرہ کی چیزوں کو ایک جگہ ترتیب دیں تاکہ وقت ضائع نہ ہو۔

برتن اور کچن کے آلات جیسے بلینڈر، چمچ، چاقو، اور دیگر سامان کی چیکنگ کریں تاکہ کوئی چیز خراب ہو تو پہلے سے بدل لی جائے۔

زیادہ وقت لینے والے کام پہلے مکمل کر لیں جیسے گوشت دھو کر چھوٹے حصوں میں کاٹ کر رکھنا، پیاز ٹماٹر کا پیسٹ بنا کر رکھنا، لہسن ادرک کا پیسٹ تیار کرنا، اور چٹنیاں بنا کر رکھنا۔

یہ وہ تمام کام ہیں جو اگر آپ پہلے سے تیاری کرلیں تو آپ کو بہت ذہنی سکون مہیا کریں گے اور عین وقت پر افراتفری کا سماں نہیں ہوگا- آپ رمضان کی برکتوں کو نہایت روحانی و ذہنی سکون اور مسرت کے ساتھ خوش آمدید کہہ سکیں گی۔

گھر کی صفائی اور انتظام

رمضان سے پہلے گھر کی مکمل صفائی کریں تاکہ عبادات کے لیے وقت میسر ہو۔ اگر ممکن ہو تو گھر میں عبادت کے لیے ایک پرسکون گوشہ تیار کریں۔

کولیسٹرول کنٹرول کرنے سے سالن کے ذائقے کو بڑھانے والے کری پتے کے ادویاتی فوائد جانیے

سحری اور افطاری کے وہ برتن اور دسترخوان جو خاص رمضان کے لیے ہی اکثر گھروں میں خاص اہتمام کے لیے نکالے جاتے ہیں انہیں پہلے سے دھو کر تیار رکھیں تاکہ وقت پر آسانی ہو۔

عبادات اور روحانی تیاری

قرآن پاک کی تلاوت کا وقت یا ایک شیڈول بنا لیں، نوافل، تہجد، اذکار، اور دیگر عبادات کے لیے وقت مقرر کریں۔ روزے اور رمضان کی فضیلت سے متعلق کتابیں اور لیکچرز کا اہتمام کریں، اگر آپ انٹرنیٹ پر مذہبی اور علمی معلوماتی پروگرام کا حصہ بنتی ہیں یا سنتی اور دیکھتی ہیں تو اپنا شیڈول اپنی آسانی اور سہولت سے ترتیب دیں تاکہ باقی کاموں کے لیے جلدی یا افراتفری نہ ہو اور ذہنی سکون بھی تباہ نہ ہو۔

دیگر ضروری امور

گھر کے سودے سلف کی لسٹ پہلے سے بنالیں اور خریداری کرکے رکھیں تاکہ بار بار بازار جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ مہمانوں کی میزبانی کے لیے تیاریاں کریں، جیسے افطار پارٹی کا شیڈول اور مہمان نوازی کا انتظام۔

صحت کا خیال رکھیں، متوازن غذا کھائیں اور پانی کی مقدار پوری کریں تاکہ روزوں کے دوران توانائی برقرار رہے۔

سونے اور جاگنے کا شیڈول رمضان کے مطابق ترتیب دیں۔

سحری کے لیے جلدی اٹھنے کی عادت ڈالیں تاکہ جلد بازی نہ ہو۔

روزے کے دوران پانی کی کمی کو کیسے پورا کیا جائے؟

دوپہر میں مختصر قیلولہ کرنے کی عادت ڈالیں تاکہ رات کی عبادات کے لیے تازہ دم رہیں۔

صدقہ، خیرات اور ذکوۃ اپنے گھر کے مروجہ طریقے اورحساب کے مطابق پہلے سے بنائیں تاکہ یہ اہم معاملہ بھی کسی تاخیر کا شکار نہ ہو۔

اعتکاف اور لیلۃ القدر کے لیے اپنے معاملات کو ذہن میں رکھیں تاکہ حقیقی روحانی سکون حاصل کرسکیں۔

یقین جانیں یہ تیاری رمضان کے دوران وقت، توانائی اور وسائل کی بچت کرے گی، جس سے آپ زیادہ یکسوئی کے ساتھ اس ماہِ مبارک کی برکتوں سے فیضیاب ہوسکیں گی۔

ربِ کریم ہم سب کو رمضان کی رحمتوں اور برکتوں سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے- آمین

Ramadan Package

Pre Ramadan Preparation

Home Management