Aaj News

بڑی فارما کمپنیوں کی اجارہ داری کو زبردست جھٹکا، چھوٹی سی کمپنی نے کینسر کی دوا بنا لی

چینی کمپنی کی دوا نے امریکی دوا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
شائع 27 فروری 2025 11:24am
تصویر: سی این این بزریعہ آکیسو
تصویر: سی این این بزریعہ آکیسو

چین کی ایک بایوٹیک کمپنی ”آکیسو“ نے پھیپھڑوں کے کینسر کے لیے ایک نئی دوا متعارف کروا کر دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ ستمبر میں آکیسو نے اپنی دوا ”ایوونیسیمیب“ (Ivonescimab) کے کلینیکل ٹرائلز کے نتائج پیش کیے، جس میں یہ دوا امریکہ کی معروف دوا ساز کمپنی مرک کی مقبول دوا ”کیٹرُوڈا“ سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئی۔

”ورلڈ کانفرنس آن لنگ کینسر“ میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، آکیسو کی دوا استعمال کرنے والے مریضوں میں کینسر کی افزائش رکنے کا دورانیہ 11.1 ماہ رہا، جب کہ کیٹرُوڈا استعمال کرنے والے مریضوں میں یہ دورانیہ 5.8 ماہ تھا۔

ان نتائج کے بعد آکیسو کے امریکی شراکت دار، کیلیفورنیا کی کمپنی ”سمٹ تھیراپیوٹکس“ کے حصص کی قیمت میں کئی دنوں کے دوران دوگنا اضافہ ہوا۔ اس کمپنی نے شمالی امریکہ اور یورپ میں آکیسو کی دوا کی تجارتی حقوق حاصل کیے ہیں۔

سائنسدانوں کو بڑی کامیابی، کینسر کا علاج اب ایک ’گولی‘ سے

ماہرین کے مطابق، یہ چینی بایوٹیک انڈسٹری کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ آکیسو کی سی ای او مشیل ژیا نے ایک انٹرویو میں کہا، ’چینی بایوٹیک انڈسٹری عالمی سطح پر نمایاں کردار ادا کرے گی، اور ہم اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔‘

چین میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری کئی دہائیوں تک صرف ”می-ٹو“ دوائیں بنانے پر مرکوز رہی، جن میں موجودہ دواؤں کی نقل تیار کی جاتی تھی۔ تاہم، پچھلے دس سالوں میں چینی کمپنیاں جدید ادویات پر کام کر رہی ہیں اور مغربی ممالک کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے کر رہی ہیں۔

15 سالہ نوجوان نے اسکن کینسر کے علاج میں مددگار صابن تیار کرلیا

مثال کے طور پر، 2023 میں آسٹرازینیکا نے چین کی سی ایس پی سی فارماسیوٹیکل گروپ کے ساتھ 1.92 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا، جب کہ مرک نے چینی کمپنی ہان سو فارماسیوٹیکل کے ساتھ 2 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا۔

ایچ ایس بی سی کی ایک تحقیق کے مطابق، چین میں بایوٹیک انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جہاں 2017 میں لائسنسنگ معاہدوں کی تعداد 46 تھی، جو 2023 میں 200 سے تجاوز کر گئی۔ اس عرصے میں ان معاہدوں کی کل مالیت 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 57 ارب ڈالر ہو چکی ہے۔

روس کینسر ویکسین بنانے میں کامیاب، مفت بانٹنے کا اعلان

امریکہ میں آکیسو کی دوا کی منظوری کے لیے ابھی کئی سال درکار ہوں گے، تاہم کمپنی ایک عالمی کلینیکل ٹرائل کی تیاری کر رہی ہے، جس سے اس کی مؤثریت مزید ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر یہ ٹرائل کامیاب رہا، تو یہ چین کی بایوٹیک انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوگی۔

Pharma Industry

AKESO

Lung Cancer Medicine

Ivonescimab

Pharma Giants