Aaj News

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 سال مکمل، آئی ایس پی آر کا نغمہ ”دشمنَا سُن“ جاری

”دشمنَا سُن“ کو معروف گلوکار کامران اللہ خان نے گایا اور کمپوز کیا ہے، جبکہ نغمے کی شاعری احمد عظیم نے لکھی ہے
شائع 25 فروری 2025 02:29pm

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر خصوصی نغمہ ”دشمنَا سُن“ جاری کر دیا۔ نغمے میں پاکستانی جانبازوں کی وطن سے وفاداری اور دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا گیا ہے۔

27 فروری 2019 ملکی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے جب پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ اس روز پاک فضائیہ نے بھارتی سرحدی خلاف ورزی کو ناکام بناتے ہوئے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا۔

یہ دن پاکستان کی خودمختاری اور دفاع کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ 27 فروری پاکستانی قوم اور افواج کے اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے نغمے ”دشمنَا سُن“ کو معروف گلوکار کامران اللہ خان نے گایا اور کمپوز کیا ہے، جبکہ نغمے کی شاعری احمد عظیم نے لکھی ہے۔

یہ نغمہ ملک دشمنوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے جانباز کسی بھی خطرے کے خلاف سینہ سپر ہیں اور مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے۔

Operation Swift Retort

ISPR New Song