جاپانی پولیس اپنے مرد اہلکاروں کو ’میک اپ‘ کرنا کیوں سکھا رہی ہے؟
جب ہم پولیس اکیڈمی کا تصور کرتے ہیں تو ذہن میں سخت ٹریننگ، فٹنس ڈرلز اور قانونی تعلیم آتی ہے، لیکن جاپان کی ایک پولیس اکیڈمی نے ایک حیرت انگیز اور منفرد قدم اٹھایا ہے۔ فکوشیما پولیس اکیڈمی نے اپنے مرد کیڈٹس کے لیے میک اپ اور گرومنگ کی تربیت شروع کر دی ہے۔
جی ہاں، اب جاپانی پولیس اہلکار صرف قانون کے رکھوالے ہی نہیں بلکہ اپنی شخصیت کو نکھارنے کے ماہر بھی بن رہے ہیں۔
یہ کورس جنوری میں فکوشیما پولیس اکیڈمی میں متعارف کرایا گیا، جس میں تقریباً 60 کیڈٹس نے حصہ لیا، جن میں وہ اہلکار بھی شامل تھے جو جلد فارغ التحصیل ہونے والے تھے۔ اس تربیت کا مقصد پولیس افسران کو عوام کے سامنے زیادہ پروفیشنل اور باوقار انداز میں پیش کرنا ہے۔ کیونکہ پولیس اہلکاروں کا براہ راست تعلق عوام سے ہوتا ہے، اس لیے ان کی ظاہری شخصیت بھی ان کی پیشہ ورانہ مہارت کا حصہ ہونی چاہیے۔
جاپان حکومت کا پاکستان سے آٹو مینوفیکچررز پر درآمدی پابندی ختم کرنے کا مطالبہ
اس کورس میں کیڈٹس کو بنیادی میک اپ تکنیکس سکھائی جا رہی ہیں، جن میں آئی بروز کو درست کرنا، موئسچرائزنگ، پرائمر لگانا اور چہرے کی مجموعی دیکھ بھال شامل ہے۔ جاپان کی مشہور کاسمیٹکس کمپنی شیسیدو (Shiseido) بھی اس تربیت میں شامل ہے تاکہ اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ کیڈٹس کو ہیئر اسٹائلنگ اور گرومنگ کے دیگر اہم پہلو بھی سکھائے جا رہے ہیں۔
پولیس افسران کا ردِعمل
ایک کیڈٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’میں نے پہلے کبھی میک اپ نہیں کیا، لیکن پولیس افسر ہونے کا مطلب ہے کہ آپ ہمیشہ عوام کی نظروں میں رہتے ہیں، اس لیے میں اپنی شخصیت کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہوں۔‘
پولیس اکیڈمی کے وائس پرنسپل، تکیشی سُگیورا کا کہنا ہے، ’ہم اپنے طلبہ کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ نہ صرف معاشرے کے افراد ہیں بلکہ مستقبل کے پولیس افسران بھی ہیں، اس لیے ان کا صاف ستھرا اور مہذب نظر آنا بہت ضروری ہے۔‘
سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے
جاپان میں اس منفرد اقدام پر سوشل میڈیا صارفین نے ملا جلا ردِعمل دیا۔ کچھ لوگوں نے مذاقاً کہا، ’اب پولیس والے مجرموں کو پکڑنے کے لیے ان کی آنکھوں میں لوز پاوڈر پھینک سکیں گے‘
جاپان میں کہیں بھی جانے کیلئے مفت فلائٹ حاصل کرنے کا طریقہ
جبکہ کچھ نے اسے مثبت انداز میں سراہتے ہوئے کہا، ’یہ عجیب لگ سکتا ہے، لیکن کیا واقعی مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے میک اپ سیکھنا ضروری نہیں؟‘
دوسری اکیڈمیاں بھی آگے آگئیں
فکوشیما کے بعد یاماگُوچی پولیس اکیڈمی نے بھی اس اقدام کی پیروی کرتے ہوئے اپنے مرد کیڈٹس کے لیے چہرہ صاف کرنے اور دیکھ بھال کا ایک خصوصی کورس شروع کیا ہے۔
یہ تربیت پولیس کے روایتی طریقوں میں ایک منفرد اضافہ ہے، جو نہ صرف ان کے اعتماد کو بڑھائے گا بلکہ انہیں عوام سے زیادہ بہتر انداز میں جُڑنے میں مدد دے گا۔ جاپان کی یہ اختراع شاید دوسرے ممالک کے لیے بھی ایک مثال بن جائے۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔