Aaj News

چوہدری شجاعت کی قائم کردہ سیاسی رابطہ کمیٹی کی جانب سے قومی مفاہمتی سفارشات تیار کرلی گئیں

آئندہ اجلاس میں سفارشات پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو پیش کر دی جائیں گی، اعلامیہ
شائع 23 فروری 2025 01:20pm

پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی ایجنڈے پر متفق بنانے کے لیے قائم کردہ سیاسی رابطہ کمیٹی کا پہلا باقاعدہ اجلاس اتوار کو مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے وائس چیئرمین غلام مصطفیٰ ملک نے کی، جس میں قومی مفامتی سفارشات تیار کی گئیں۔

اجلاس میں اراکین ڈاکٹر محمد امجد، محمد رحیم اعوان، انتخاب خان چمکنی، طارق حسن اور رضوان صادق خان شریک ہوئے، جب کہ کمیٹی کے چیئرمین میر نصیر خان مینگل سے بھی مشاورت کی گئی۔

پارٹی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق، سیاسی رابطہ کمیٹی نے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں سے مشاورت کے لیے ایجنڈا تیار کر لیا ہے۔ مصطفیٰ ملک کے مطابق کمیٹی نے قومی مفاہمت کے لیے سفارشات مرتب کر لی ہیں اور چوہدری شجاعت حسین کی اجازت کے بعد اپوزیشن جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا سے ملاقاتوں کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نے اتحادی جماعتوں کو مزید وسعت دینے کی تجویز دی ہے اور ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ بزرگ سیاستدانوں سے بھی رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے بامقصد بات چیت میں کوئی حرج نہیں۔

Chaudhry Shujaat Hussain