Aaj News

کراچی: سفاری پارک کی دونوں ہتھنیوں میں ٹی بی کی تشخیص

سفاری پارک میں پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے اسکرین لگائی جائے گی، مرتضیٰ وہاب
شائع 22 فروری 2025 12:55pm

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تصدیق کی ہے کہ سفاری پارک کی دونوں ہتھنیوں میں ٹیوبرکلوسز (ٹی بی) کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ہتھنیوں کے علاج کے لیے سری لنکن ڈاکٹرز اور فور پاز کی ٹیموں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اب ہم کوئی بڑا جانور سفاری پارک کے لیے نہیں لا رہے، بلکہ ہماری کوشش ہے کہ عام شہری، جو بڑے کلبوں کی ممبر شپ نہیں رکھتے، سفاری پارک آ کر تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اس سال 50 نئے پارک تعمیر کیے جائیں گے اور ان منصوبوں کا افتتاح جلد شروع کیا جائے گا۔

کراچی میں تین روزہ فیملی فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو کراچی واپس لوٹانا ہے۔ فیسٹیول میں پرندوں، درختوں اور پھول پودوں سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے جبکہ رات میں میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والوں کی حمایت سے ہم شہر کو دوبارہ اس کی پرانی خوبصورتی میں بحال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول کے دوران 50 سے 60 ہزار افراد کی آمد متوقع ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کیے جا رہے ہیں، لیکن شہر میں ڈیفنس ایگزیبیشن، نیول ایکسرسائز، کلچر فیسٹیول اور نیشنل اسٹیڈیم میں آئی سی سی کا میگا ایونٹ ہو رہا ہے، جو شہر کے مثبت تاثر کو اجاگر کرتا ہے۔

میئر کراچی نے اعلان کیا کہ سفاری پارک میں پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے اسکرین لگائی جائے گی، جبکہ ریڈ لائن منصوبہ دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا تاکہ شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ماضی میں کراچی کو پیچھے لے گئے تھے، ہم اس شہر کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

Murtaza Wahab

Safari Park Karachi

Elephants in Karachi