Aaj News

ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے ’عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم‘ رکھنے کی منظوری

ارباب نیاز سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی پر ارباب نیاز محمد خان کی فیملی نے اعتراض اٹھا دیے
اپ ڈیٹ 22 فروری 2025 02:32pm

خیبرپختونخوا کی کابینہ نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیر اعظم عمران خان کے نام پر رکھنے کی منظوری دے دی۔

کابینہ فیصلے کے مطابق ارباب نیاز سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کی منظوری دی گئی ہے، جس کے بعد ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پشاور عمران خان کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

صوبائی محکمہ کھیل کی جانب سے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی سمری تیار کی گئی تھی جس کا مراسلہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو ارسال کردیا گیا تھا۔

پشاور: بیس سال بعد ارباب نیاز اسٹیڈیم میں کرکٹ میچز کے انعقاد پر غور

علی امین گنڈاپور کو بھیجے گئے مراسلے میں محکمہ کھیل نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنی کی تجویز دی تھی۔

ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی پر اعتراضات

دوسری جانب پشاور کے تاریخی ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے نام کی تبدیلی پر ارباب نیاز محمد خان کی فیملی نے اعتراض اٹھا دیے۔

آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ارباب نیاز محمد خان کے پوتے اور پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی شیر علی ارباب نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کا فیصلہ سمجھ سے باہر ہے، لگتا ہے صوبائی حکومت نے عمران خان سے اجازت لئے بغیر فیصلہ کیا ہے کیونکہ عمران خان سڑکوں یا عمارتوں کو زندہ لوگوں کے نام پر منسوب کرنے کے سخت مخالف رہے ہیں اور خیبر پختونخوا کابینہ نے 2017 میں بانی چیرمین کے فیصلے روشنی میں اس کی منظوری بھی دی تھی، اب کابینہ کیسے یہ فیصلہ دے سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ارباب نیاز محمد خان کا تعلق پشاور کے علاقے تہکال کے ہمیشہ سے بااثر سیاسی ارباب خاندان سے تھا، پاک فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے طور پر خدمات انجام دیں، ارباب نیاز کھیل، ثقافت اور سیاحت کے وفاقی وزیر رہے، وہ پشاور کے میئر بھی رہے اور اُن کی وفات کے بعد انکی خدمات کے اعتراف میں پشاور میونسپل کمیٹی نے قرارداد کے ذریعے اسٹیڈیم کو ان کا نام دیا تھا، ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کابینہ کے آج کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

تاریخی ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنا بدنیتی پر مبنی فیصلہ ہے، ارباب زرک خان

دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما ارباب زرک خان کا کہنا ہے کہ تاریخی ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنا بدنیتی پر مبنی فیصلہ ہے، ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے ”عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم“ رکھنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت 11 سالہ اقتدار میں عوام کو ایک بھی نیا بڑا منصوبہ دینے میں ناکام رہی ہے۔

رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ارباب زرک خان کا کہنا تھا کہ اگر یہ حکومت عوامی خدمت میں واقعی سنجیدہ ہوتی تو نئے اسپتال، اسکول اور اسٹیڈیم بناتی،،ان کے پاس دکھانے کے لیے کچھ نہیں، اب یہ دوسروں کے منصوبوں کو اپنا نام دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی یہ روایت نئی نہیں،،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام بدلنے کی کوشش بھی اسی ذہنیت کی عکاس تھی، تاریخی مقامات کے اصل نام مٹانا نہ صرف اخلاقی طور پر غلط ہے بلکہ یہ ریاستی املاک کو ذاتی جاگیر سمجھنے کی بدترین مثال ہے۔

peshawar

Arbab Niaz Cricket Stadium

imran khan cricket stadium