Aaj News

شواہد موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں: رانا ثنا اللہ

حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی آفر نہیں دی گئی، رانا ثنا اللہ
شائع 20 فروری 2025 10:46am

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کا مؤقف درست ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ شواہد موجود ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور خود اس کا اظہار کر چکے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی این آر او اور ریلیف لینے کے خواہاں ہیں، لیکن آج تک وہ یہ نہیں بتا سکے کہ انہیں کس نے آفر کی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی آفر نہیں دی گئی، البتہ مذاکرات کی دعوت ضرور دی گئی تھی، کیونکہ جمہوریت میں ڈائیلاگ کے ذریعے ہی مسائل حل ہوتے ہیں۔

ریاست کو حق پہنچتا ہے عارف علوی کے خلاف کارروائی کرے، رانا ثنا اللہ

لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا اور نہ ہی کسی ڈیل، رہائی یا کیسز ختم کرنے کی بات ہوئی۔

انہوں نے پی ٹی آئی کو آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ملک اس وقت دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے، ایسے میں کوئی بحران پیدا نہیں ہونا چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو فلور آف دی ہاؤس مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔

مصنوعی سیاسی بحران کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، نواز شریف

انہوں نے زور دیا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، کیونکہ سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام کی راہ ہموار کرے گا، جس سے عام آدمی کی حالت بہتر ہوگی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو 26ویں آئینی ترمیم پر اعتراض ہے تو اسے عدالت یا پارلیمنٹ سے رجوع کرنا چاہیے۔

Rana Sanaullah