Aaj News

رنویر الہٰ آبادیہ کی گرفتاری سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کا حکم

عدالت نے یوٹیوبر کو ان کے نامناسب تبصروں پر تنقید کا نشانہ بنایا اور دوسرے پروگراموں میں شرکت نہ کرنے کا حکم دیا، رپورٹس
شائع 18 فروری 2025 12:26pm

بھارتی سپریم کورٹ نے انڈیاز گوٹ لیٹنٹ میں نامناسب الفاظ کا استعمال کرنے والے بھارتی یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ کی مشکل آسان کرتے ہوئے بڑا ریلیف دے دیا۔

واضح رہے کہ یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ نے ریئلٹی شو ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ میں ایک فحش مذاق پر ان کے خلاف درج متعدد ایف آئی آر کے خلاف جمعہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ تاہم اب بھارتی عدالت نے یوٹیوبر سے متعلق اہم حکم جاری کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے یوٹیوبر کو ان کے نامناسب تبصروں پر تنقید کا نشانہ بنایا اور دوسرے پروگراموں میں شرکت نہ کرنے کا حکم دیا۔

رپورٹ کے مطابق جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس این کوتیسوار سنگھ کے مشترکہ بینچ نے یوٹیوبر کے کیس کی سماعت کی، رنویر نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ ان کے خلاف مختلف شہروں میں درج متعدد پولیس شکایات کو یکجا کیا جائے۔ عدالتی ججز کا کہنا تھا کہ مقبول شخصیت ہونے کے باوجود یوٹیوبر کا رویہ ناقابل قبول تھا اور وہ تنقید کا مستحق تھے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے ججز نے سماعت کے دوران یہ بھی کہا ان کے فحش تبصرے نے ان کی پریشان کن ذہنیت کا انکشاف کیا جس نے پورے معاشرے کو شرمندہ کیا۔

پوڈکاسٹر رنویر الہٰ بادیہ کا سمے رائنا کے شو میں کیا گیا نازیبا مزاق بھی چوری کا نکلا

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت کا کہنا تھا کہ ان الزامات کے ایک ہی سیٹ پر ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی، عدالت نے یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ کو تحقیقات میں شامل ہونے اور بغیر اجازت کے بیرون ملک سفر نہ کرنے کا حکم دیا۔

بھارتی سپریم کورٹ کے جج جسٹس کانت نے کہا کہ اگر یہ فحش تبصرہ نہیں تو کیا ہے؟ آپ جب چاہیں اپنی بے حیائی اور بدتمیزی نہیں دکھا سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ رنویر کیخلاف صرف دو پولیس ایف آئی درج ہیں ایک ممبئی میں اور دوسری آسام میں۔ کچھ بولنے کی آزادی ایک الگ معاملہ ہے، ایسا نہیں ہے کہ ہر کیس آپ کو نشانہ بنا رہا ہے، اور آپ اس میں پھنس گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جج کا کہنا تھا کہ ایسے رویے کی مذمت کی جانی چاہیے۔ صرف اس لیے کہ آپ مقبول ہیں، آپ معاشرے کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھ سکتے۔ کیا زمین پر کوئی ایسا ہے جو ایسی زبان کو پسند کرے؟ آپ کے دماغ میں جو گند بھرا ہے ہم کیوں اس کی حفاظت کریں؟

سمے رائنہ کا کیرئیر برباد کرنے کے بعد رنویر الہ آبادیہ پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے؟

بھارتہ سپریم کورٹ نے رنویر الہٰ آبادیہ کیس کے حوالے سے فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ اگر جے پور میں ان کے خلاف مزید پولیس شکایت درج کروائی جاتی ہے، تو انہیں ان مخصوص شکایت پر گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ مزید برآں، عدالت نے رنویر الہٰ آبادیہ کو حکم دیا کہ وہ تفتیش میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں، اپنا پاسپورٹ تھانے پولیس کے پاس جمع کرائیں، اور پوچھ گچھ کے لیے دستیاب رہیں۔

یاد رہے کہ رنویرالہ آبادیہ کو سمے رائنہ کے یوٹیوب شو ”انڈیا گوٹ لیٹنٹ“ پر کیے گئے فحش تبصرے کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

indian supreme court

Ranveer Allahbadia