Aaj News

ڈمپر مافیا کے خلاف مرکزی مسلم لیگ کی آل پارٹیز کانفرنس، کراچی کے نوجوانوں کو سٹی وارڈن بھرتی کرنے کا مطالبہ

حکومت کو سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی توجہ دینی چاہیے، صدر ڈمپر ایسوسی ایشن
شائع 18 فروری 2025 08:43am

کراچی میں ڈمپر مافیا کے خلاف مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کی، جنہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ہر پلیٹ فارم پر عوام کی آواز بنے گی۔

کانفرنس میں شریک رہنماؤں نے کراچی کے نوجوانوں کو سٹی وارڈن بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

کانفرنس سے جماعت اسلامی، متحدہ قومی موومنٹ، مہاجر قومی موومنٹ، جمعیت علمائے اسلام پاکستان، مسلم لیگ ن اور عام اتحاد پارٹی کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر ڈمپر ایسوسی ایشن لیاقت محسود نے کہا کہ حادثات کی ذمہ داری کسی ایک پر نہیں ڈالی جا سکتی، حکومت کو سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

ریسکیو حکام کے ریکارڈ کے مطابق، کراچی میں رواں سال کے ابتدائی 45 دنوں میں 107 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، 78 مرد، 14 خواتین اور 15 بچے مہلک حادثات کا شکار ہوئے، جبکہ 15 سے زائد شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

All Parties Conference

Markazi Muslim League

Dumper mafia