Aaj News

ضلع کرم میں 98 بنکرز مسمار، طویل خندق بھی بند کر دی گئی

کرم میں ایک بار پھر فریقین میں بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا تبادلہ
شائع 15 فروری 2025 07:21pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

کوہاٹ امن معاہدے کے تحت ضلع کرم میں بنکرز مسماری کا عمل جاری ہے، لوئر کرم میں مجوعی طور پر اب تک 98 بنکرز مسمار ہوچکے ہیں۔

ضلع کرم میں بنکرز کی مسماری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پائیدار اور دیرپا امن و امان کے قیام کے لیے کوششیں مسلسل جاری ہیں اور اس سلسلے میں لوئر کرم کے مختلف علاقوں میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق لوئر کرم کے گاؤں بالش خیل اور خار کلی میں مزید 4 بنکرز کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا جبکہ ان علاقوں میں مجموعی طور پر اب تک 98 بنکرز کو مسمار کیا جاچکا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 48 بڑے بنکرز کو دھماکہ خیز مواد کی مدد سے تباہ کیا گیا جبکہ 50 چھوٹے اور جنگوں میں استعمال ہونے والے بنکرز کو بھاری مشینری کے ذریعے ختم کر دیا گیا ہے۔

علاقے میں جاری کاروائی کے دوران 1725 فٹ طویل خندق کو بھی بھاری مشینری کی مدد سے بند کر دیا گیا تاکہ کسی بھی قسم کی نقل و حرکت کو روکا جاسکے۔

مینگک اور جینداڑی میں فریقین کے درمیان ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ

ذرائع کے مطابق مینگک اور جینداڑی میں فریقین کی جانب سے رات گئے ایک دوسرے کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ چکی ہے، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ رک گیا ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے سیکیورٹی فورسز علاقے میں موجود ہیں۔

Lower Kurram