Aaj News

کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس: صوبائی وزیر مینا خان آفریدی سمیت 5 ملزمان بری

عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پشاور کے کور کمانڈر ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا تھا
شائع 11 فروری 2025 03:20pm

پشاور میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عرفان سلیم سمیت 5 ملزمان کو بری کر دیا۔

کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ دولت خان نے کی، جنہوں نے پانچوں ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کیا۔ بری ہونے والوں میں پی ٹی آئی کے ریجنل صدر عاصم خان، تحصیل ناظم انعام خان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 3 نومبر 2022 کو وزیرآباد میں سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پشاور کے کور کمانڈر ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا تھا، جس پر حاجی فضل الہٰی سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعات 341، 353 اور 437 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، جس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سرکاری ملازم کو کام سے روکنے کی دفعات شامل تھیں۔

Meena Khan Afridi

Corpse Commander House Attack