صوابی جلسےمیں جوکچھ ہوا، افسوسناک ہے، شوکت یوسفزئی
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسف زئی نے پارٹی میں ڈسپلن کی شدید کمی کا اعتراف کرتے ہوئے قیادت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تنظیمی نظم و ضبط قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد سستی شہرت کے لیے پارٹی کو استعمال کر رہے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اپنے بیان میں شوکت یوسف زئی نے صوابی جلسے میں پیش آنے والے واقعات کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان جیل میں ہیں اور ہم یہاں عہدے بانٹنے میں مصروف ہیں، جو کہ پارٹی کے لیے نقصان دہ ہے۔
گورنر پنجاب کے فارم 47 سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ اس انکشاف نے حکومت کی حقیقت کھول کر رکھ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عطا تارڑ فارم 47 کے ایم این اے ہیں، لہٰذا انہیں وزارت سے ہٹایا جائے اور ان کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ وہ ایک سال میں اندھیرے سے اجالے کا سفر مکمل ہونے کی بات کر رہے ہیں، مگر یہ اجالا کہیں نظر نہیں آ رہا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر نے صوابی جلسے میں عدم دلچسپی دکھانے والے عہدیداران کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا ہے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔